ملک بھر میں رجسٹرڈ مدارس کی تفصیلات سامنے آگئیں
ملک بھر میں رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 17 ہزار 738 جبکہ رجسٹرڈ مدارس میں زیر تعلیم طلبا کی تعداد 22 لاکھ 49 ہزار 520 ہے، وزارت تعلیم نے ملک میں رجسٹرڈ مدارس سے متعلق تفصیلات سینیٹ میں جمع کرا دیں جبکہ قومی اسمبلی میں پیش کردہ ٹیکس قوانین ترمیمی بل سینیٹ میں بھی پیش کر دیا گیا جسے مزید غور کے لیے خزانہ کمیٹی بجھوا دیا گیا۔
چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ایوان بالا کا اجلاس ہوا، جس میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق پیش کر دیں گئیں۔
وزارت تعلیم کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات کے مطابق رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 17 ہزار 738 جبکہ رجسٹرڈ مدارس میں زیر تعلیم طلباء کی تعداد 22 لاکھ 49 ہزار 520 ہے۔
پیش کی گئیں تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 6 لاکھ 64 ہزار 65، سندھ میں 1 لاکھ 88 ہزار 182، بلوچستان میں 71 ہزار 815، خیبرپختونخوا میں 12 لاکھ 83 ہزار 24، آزاد کشمیر میں 26 ہزار 787، اسلام آباد میں 11 ہزار 301، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 346 طلبا زیر تعلیم ہیں جبکہ تحریری جواب کے مطابق مدارس کی براہ راست کوئی فناسنگ نہیں کی جاتی تاہم ڈی جی آر ای نے 598 مدارس کو 1196 اساتذہ فراہم کیے ہیں۔
ایوان بالا اجلاس میں حکومت کی جانب سے ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 بھی پیش کر دیا جسے مزید غور کے لیے خزانہ کمیٹی کے پاس بجھوا دیا گیا،
ایوان میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات کے انداز پر پریس گیلری سے صحافیوں نے احتجاجاً واک آؤٹ جبکہ اراکین سینیٹ نے معاملہ دیکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
پارہ چنار سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس میں پی ٹی آئی اتحادی علامہ راجہ ناصر عباس نے وفاق اور صوبائی حکومت کو صورتحال پر اقدامات کا مطالبہ کیا جواب میں وفاقی وزیر سالک حسین نے صوبائی معاملہ قرار دیتے ہوئے وفاق کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ایوان بالا اجلاس میں تحریری جواب میں وزارت بین الصوبائی نے بتایا کہ گزشتہ 3 برسوں میں 8 پاکستانی ایتھلیٹ اور سپورٹ سٹاف بیرون ملک سے واپس نہیں آئے، 3 ہاکی پلئیرز،3 باکسرز ایک سوئمر اور ایک سپورٹ سٹاف غائب ہوا تمام غائب ہونے والے ایتھلیٹس اور اسٹاف پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی جبکہ ان واقعات پر انکوائریز جاری ہیں۔
بعدازاں سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔