Aaj News

جمعہ, مئ 09, 2025  
12 Dhul-Qadah 1446  

پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے حکومت سے اسپیکر آفس کے زریعے گرین سگنل مل گیا

اتوار تک حکومتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا امکان
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2024 07:59pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل میں پیش رفت جاری ہے، ایک طرف پی ٹی آئی رہنما اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کر رہے ہیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی کو اسپیکر آفس سے گرین سگنل مل گیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور پارٹی رہنما اسد قیصر نے اسپیکر آفس سے رابطہ کیا، اسپیکر آفس نے پی ٹی آئی کو حکومت کی جانب سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرین سگنل پر پی ٹی آئی نے ایوان کے بائیکاٹ کا فیصلہ بدل کر باقاعدہ شرکت کی تھی، گرین سگنل کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے ٹی او آرز تیار کرنے شروع کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں سیاسی قیدیوں کی رہائی اور سیاسی مقدمات ختم کرنے پر بات ہوگی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ٹی او آرز تیار کر کے اسپیکر آفس کو بھجوائے جائیں گے، اسپیکر کی جانب سے حکومت کو تفصیلات تحریری طور پر بھجوائی جائیں گی، ان تفصیلات کی روشنی میں حکومتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار تک حکومتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی عمران خان سے جمعہ کو ملاقات کا متوقع ہے۔

عمران خان کی درخواست پر عدالت کا بڑا فیصلہ، ویڈیو لنک پر پیشی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے لیے درخواست دے دی ہے۔

مذاکراتی کمیٹی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، حامد خان، ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا، علامہ راجا ناصر عباس اور حامد رضا خان شامل ہیں۔

اتوار تک مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر روکنے کی کال دیں گے، عمران خان

بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال مذاکرات کی متقاضی ہے، مذاکراتی عمل ثبوتاز نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے۔

علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی سے شاہ محمود قریشی، سلمان اکرم راجہ ، وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، فواد چوہدری، شیخ رشید اور شہریار آفریدی نے ملاقات کی۔

بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گری کی عدالت میں پیشی کے دوران ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے بانی پی ٹی آئی سے طویل مشاورت میں مشورہ دیا کہ مذاکرات واحد راستہ ہے لہذا سیاسی ڈائیلاگ ہونے چاہیں۔

بانی سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپورکی پہلی ملاقات انسداد دہشت گری عدالت میں پیشی کے موقع پر ہوئی، جبکہ دوسری ملاقات جیل کے اندر ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ون ٹو ون ملاقات میں سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے غور کیا گیا، گنڈا پور ملاقات کے بعد جیل سے روانہ ہوگئے۔

اڈیالہ جیل کمرہ عدالت کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے 200 لوگ لاپتہ تھے، اب ان کی تعداد صرف 54 رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے سول نافرمانی کی تحریک پر مشاورت ہوئی ہے، شہداء اورزخمیوں کے بارے میں کابینہ اور صوبائی سطح پر انکوائری کررہے ہیں۔

گنڈا پورکا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے لئے سوچنے پر مجبور ہیں، امید کرتا ہوں سیاسی جماعتیں غوروفکر کرکے حل نکالیں گی۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ جن کی حکومت ہے، وہ اشارہ دینگے تو مثبت رسپانس بھی آئے گا، میری آفیشل میٹنگز میں گفتگو ہوتی رہتی ہے، میں وہاں بھی بات کرتا ہوں۔

imran khan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Government Talks