ریلوے کی ایپ میں تکنیکی مسئلہ، ادائیگی کے باوجود بکنگ کا مسیج موصول نہ ہونے کی ہزاروں شکایات
پاکستان ریلوے کی بکنگ ایپ میں تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ہزاروں مسافروں رل گئے، آن لائن ادائیگی کے باوجود بکنگ کی صدیق کا میسج موصول نہیں ہوسکا۔
ذرائع ریلوے کے مطابق گزشتہ روز ریلوے ایپ میں بڑی خرابی سامنے آئی جس کے بعد تاحال تکنیکی مسئلہ دور نہیں کیا جاسکا جبکہ ریلوے سے سفر کرنے والے خواہش مند افراد آن لائن بکنگ کی مد میں ہزاروں ادا کے بعد بکنگ کی تصدیق کے لیے پریشان ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریلوے کی ہیلپ لائن پر ہزاروں کالز موصول ہورہی ہیں اور شہریوں نے آن لائن بکنگ میں درپیش مسائل کا تذکرہ کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اب مسافروں کو بتایا جارہا ہے کہ وہ ریلوے اسٹیشن کے کاؤنٹر سے بکنگ کروائیں۔
ادھر ایک صارف رافع راجپوت نے بتایا کہ انہوں نے کراچی سے لاہور کے لیے چار نشستیں بک کروائیں اور چودہ ہزار روپے ادا کیے لیکن بکنگ کی تصدیق کا کوئی مسیج یا ای میل موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ آرڈر نمبر 33095206 کی مد میں رقم کی کٹوتی کا مسیج ضرور موصول ہوا لیکن تصدیقی مسیج نہیں ملا۔ علاوہ ازیں رافع راجپوت نے شکایت کی کہ ریلوے کی ہیلپ لائن پر متعدد مرتبہ کالز کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
رافع راجپوت نے کہا کہ اگر پاکستان ریلوے لائن کی ایپ تکنیکی مسائل سے دوچار ہے تو ایپ کو غیر فعال کردیا جائے اور ساتھ ہی ایپ پر ایک انتباہی میسج پر آویزاں کردیا جائے تاکہ لوگ پریشانی سے بچ سکیں۔
ادھر ریلوے کی ہیلپ لائن موجود خاتون آپریٹر نے بتایا کہ گزشتہ دو روز سے ریلوے کی ایپ میں کچھ مسائل سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے لوگ بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بکنگ کی مد میں ادا کی جانے والی رقم 24 گھنٹے یا 5 سے 6 دن میں واپس اکاؤنٹ میں آجائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ مسافروں ریلوے کے کاؤنٹر سے بکنگ کروائیں۔