Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان نے 240 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، صائم ایوب نے 109، آغا سلمان نے 82 رنز کی اننگز کھیلی
شائع 18 دسمبر 2024 08:27am

پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں آغا سلمان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور صائم ایوب کی شاندار سینچری کی بدولت جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1برتری حاصل کرلی۔

پارل میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 240 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔

3 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقا کے شہر پارل میں کھیلا گیا جہاں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔

پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو کمزور جنوبی افریقا کے ہاتھوں 11 رنز سے شکست

جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز اسکور کیے، اوپننگ بیٹرز کی جانب سے مثبت آغاز فراہم کرنے کے بعد پروٹیز کا مڈل آرڈر ناکام رہا، مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 70 رنز کے اسکور پر گری، ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بنا سلمان علی آغا کا شکار بنے۔

اس کے بعد ریان رکلٹن 36، راسی وینڈر ڈوسن 8 اور ٹرسٹن اسٹبز ایک رن بنا کر پویلین لوٹے، تمام کھلاڑی آغا سلمان کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئے، انہوں نے 4 شکار کیے، 88 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر ہنرک کلاسن اور کپتان ایڈن مارکرم کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 73 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اسکور کو 161 رنز تک پہنچایا۔

جنوبی افریقا کی فیصلہ کن جیت، دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کو شکست

ایڈن مارکرم 35 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ہنرک کلاسن نے اپنی اننگز کو جاری رکھا اور ٹیم کے ہدف کو مثبت ٹوٹل فراہم کرنے میں کردار ادا کیا، انہوں نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 97 گیندوں پر 86 رنز اسکور کیے، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ابرار احمد نے 2، صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دوسرے ہی اوور کی چوتھی گیند پر عبد اللہ شفیق مارکو جانسن کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد کریز پر آنے والے بابر اعظم پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے دکھائی دیئے، انہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 23 رنز بنائے، وہ اوٹنیل بارٹمین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 14 اوورز میں 46 رنز کے اسکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان محمد رضوان سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ اننگز کو سنبھالیں گے تاہم وہ بھی پچ پر صرف 5 گیندوں کے مہمان ٹھہرے اور 1 رن بنا کر چلتے بنے۔

مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام کے 4 رنز پر رن آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر صائم ایوب نے شاندار اننگز کھیلی اور آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔

صائم ایوب اور نائب کپتان سلمان علی آغا ٹیم کو مشکلات سے نکال کر مستحکم پوزیشن میں لے آئے، صائم ایوب نے ون ڈے کریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور 201 رنز کے مجموعی اسکور پر 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد آنے والے عرفان خان نے ایک رن بنایا جبکہ شاہین آفریدی کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر آغا سلمان نے ذمہ داری سے اننگز جاری رکھی اور نسیم شاہ کے ساتھ مل کر آخری اوور میں ٹیم کو فتح دلوادی۔ آغا سلمان 82 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، نسیم شاہ بھی 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا اور اوٹنیل بارٹمین نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلمان آغا کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں، پروٹیز کے قائم مقام کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا، پروٹیز کی جانب سے ٹیمبا باووما نے آرام کرنے کا فیصلہ کیا۔

قبل ازیں، ٹاس کے بعد ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ وکٹ بہت شاندار لگ رہی ہے، ہمیں بطور بیٹر خود کو کنڈیشنز کے مطابق ڈھالتے رہنا ہوگا، ہمارے پاس چیمپئنز ٹرافی سے قبل زیادہ ون ڈے میچز نہیں ہیں، یہ سیریز تیاری کے لیے بہترین موقع ہے۔

گرین شرٹس کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، چیمپیئنز ٹرافی میں کنڈیشنز مختلف ہوں گی لیکن ہمارا اسکواڈ مجموعی طور پر ان ہی کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون کا اعلان کیا گیا تھا۔ قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض محمد رضوان سرانجام دے رہے تھے۔

پلیئنگ الیون پاکستان

پاکستانی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد شامل ہیں۔

پلیئنگ الیون جنوبی افریقا

جنوبی افریقا کی ٹیم میں ایدن مارکرم (کپتان)، ٹونی ڈی زورزی، ریان رکلٹن، راسی وینڈر ڈوسن، ٹرسٹن اسٹبز، ہنرک کلاسن، مارکو جانسن، اینڈائل پھہلوکوایو, کاگیسو رباڈا، اوٹنیل بارٹمین، تبریز شمسی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

یاد رہےکہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کی وجہ سے جنوبی افریقا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین پہلا ون ڈے آج (17 دسمبر) کو پارل میں کھیلا گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔

odi series

salman ali agha

odi cricket

pakistan vs south africa

saim ayub