وفاق المدارس کا ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ
وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ نے اتحاد تنظیمات مدارس کے فیصلوں اور موقف کی توثیق کردی ہے۔
مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مفتی محمد تقی عثمانی کی زیر صدارت ہوا، مولانا فضل الرحمن نے بطور خاص اجلاس میں شرکت کی۔
وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا انوار الحق، مولانا محمد حنیف جالندھری، مفتی سید مختار الدین شاہ، مولانا سعید یوسف، مولانا عبیداللہ خالد، مفتی عبدالستار، مولانا امداد اللہ، مولانا حسین احمد، مولانا زبیر صدیقی، مولانا صلاح الدین، قاضی نثار، ناظم دفتر مولانا عبدالمجید و دیگر بھی موجود تھے۔
مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر ایم کیو ایم نے مولانا کی حمایت کردی
مجلس عاملہ نے اتحاد تنظیمات مدارس کے فیصلوں اور موقف کی توثیق کرتے ہوئے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ختم بخاری، مدارس پروگراموں اور جمعہ اجتماعات میں عوام الناس کو آگاہی دی جائے گی۔
مجلس عاملہ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا ، اس کا فوری گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، مدارس کے معاملات میں رکاوٹیں اور تاخیری حربے قابل قبول نہیں، مدارس کے جملہ مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔
وفاق المدارس کے ذمہ داروں نے مولانا فضل الرحمن کو پارلیمنٹ میں مدارس کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے موقف کی تائید کی۔
مدارس کی رجسٹریشن کا بل ایکٹ بن چکا، اس میں ترمیم آئین کی خلاف ورزی ہوگی، فضل الرحمان
وفاق المدارس کا کہنا ہے کہ دینی مدارس کی حریت و آزادی کا ہر قیمت تحفظ کیا جائے گا، کسی قسم کی مداخلت اور ڈکٹیشن منظور نہیں، مدارس کے تمام حقیقی بورڈز اور تنظیمیں ایک پیج پر ہیں، مدارس کے اصولی موقف کو تسلیم نہ کرنے کی صورت میں مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
وفاق المدارس کی مجلس عاملہ نے تعلیمی اور امتحانی امور کے حوالے سے بھی متعدد فیصلے کئے، اور گزشتہ برسوں کی نسبت امسال سالانہ امتحان میں طلباء و طالبات کے ریکارڈ اضافہ پر خوشی اور اطمینان کا اظہارکیا۔