Aaj News

منگل, دسمبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد گرفتار

ملزمان دہشتگردی، قتل، اقدام قتل اور بھتہ وصولی میں ملوث، دھماکا خیز مواد بھی بر آمد، رینجرز حکام
شائع 17 دسمبر 2024 12:45pm

کراچی میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ معلومات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

رینجرز حکام کے مطابق ملزمان دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور بھتہ وصولی میں ملوث ہیں، ملزمان میں جاوید سواتی عرف بھائی جان، شاہد حسین عرف عمر اور اکبر زیب خان شامل ہیں، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد بھی بر آمد کر لیا گیا۔

رینجرز حکام نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق فتنہ الخوارج سوات گروپ سے ہے، ملزم جاوید سواتی عرف بھائی جان 2008 میں فتنہ الخوارج سوات گروپ میں شامل ہوا، ملزم سوات میں کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح اور بن یامین کے گروپ کے ساتھ سوات میں انتہائی متحرک رہا۔

حکام کے مطابق ملزم کے 2 بھائی شاہد اور زاہد سوات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہوگئے تھے، ملزم اپنی فیملی کے ہمراہ سوات آپریشن کے بعد کراچی منتقل ہوا اور مختلف مقامات پر روپوش رہا، ملزم 2012 میں کراچی سے گرفتار ہوا اور سوات میں تقریباً 14 ماہ تک جیل میں رہا۔

رینجرز حکام کے مطابق ملزم کے قریبی ساتھی کمانڈر عمرالرحمان عرف استاد فاتح، عبد الرحمان عرف شہزاد، حبیب اللہ عرف معاویہ کنڑ افغانستان منتقل ہوگئے، ملزم کے کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح، عبد الرحمان عرف شہزاد اور حمید اللہ عرف اظہار سے انتہائی قریبی تعلقات تھے۔

حکام نے بتایا کہ ملزمان شاہد حسین عرف عمر اور اکبر زیب خان 2010 میں غلبہ السلام میں شامل ہوئے، 2014 میں زکریا عرف انعام اللہ فتنہ الخوارج سوات گروپ میں شامل ہوئے، ملزمان عسکری تربیت یافتہ ہیں اور افغانستان متعدد بار جاچکے ہیں۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کراچی میں بھتہ وصولی، قتل و اقدام قتل کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، ملزم اکبر زیب خان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لانڈھی میں مخبری کے شبے میں ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل فضل زادہ کو قتل اور سید آفرین کو زخمی کیا۔

karachi

CTD

rangers

Rangers Sindh

CTD operation

Terrorist Arrest

CTD ACTION