پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کا حال تو دیکھیں! روانڈا کا ریکارڈ بھی برابر کردیا
پاکستان کی ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم نے 2024 میں 27 میں سے 16 میچ ہار کر روانڈا کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے، اب انٹرنیشنل ٹی20 ٹیموں کی فہرست میں پاکستان اور روانڈا برابر پوزیشن پر آ گئے۔
اگر یہ کہا جائے کہ 2024 کے دوران ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستانی ٹیم روانڈا کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے تو شاید آپ اسے مذاق سمجھیں لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے ٹی20 مقابلوں میں پاکستان نے 27 میں حصہ لیا جن میں پاکستان کو 16 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 11 میں کامیابی حاصل ہوئی، اسی طرح روانڈا کی ٹیم نے 24 میچ کھیلے جن میں سے 16 میں شکست ہوئی اور 8 میں فتح حاصل ہوئی۔
پاکستان اور روانڈا کے بعد ٹی20 فارمیٹ میں بھوٹان اور انڈونیشیا کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، بھوٹان نے 19 میچ کھیلے جن میں 15 میں شکست کا سامنا رہا اور 4 میں کامیابی حاصل کی، اسی طرح انڈونیشیا نے بھی پاکستان کی طرح 27 میچ کھیلے جن میں سے 15 میں شکست ہوئی اور12 میں کامیابی حاصل کی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری چارٹ کے مطابق ٹی 20 مقابلوں میں پاکستان کی جیت کا تناسب انڈونیشیا سے بھی کم رہا۔ یہ اعداد و شمار پاکستان کی ٹی20 ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے ہیں، جو سال بھر غیر متوازن کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔
واضح رہے کہ ٹی20 فارمیٹ کا خالق پاکستان ہے، جس نے ایک ٹی20 ورلڈ کپ بھی جیت رکھا ہے، پاکستان کی ٹیم بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں ناکام نظر آ رہی ہے۔