Aaj News

ہفتہ, دسمبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرم کی صورت حال پر گرینڈ جرگے میں آج حتمی فیصلے کا اعلان متوقع

دو ماہ کے دوران سترہ بچوں سمیت تیس سے زیادہ مریض علاج نہ ملنے اور پشاور اسپتال نہ پہنچنے کے باعث انتقال گئے
اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2024 10:44am

کرم کی صورت حال پر کوہاٹ میں فریقین نے گرینڈ امن جرگہ میں زیادہ تر نکات پر اتفاق کرلیا ہے۔ گرینڈ جرگے میں آج حتمی فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔

جرگہ ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں ایک ہفتے سے گرینڈ امن جرگہ ضلعی انتظامیہ و صوبائی حکومت کے نمائندوں کے ہمراہ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے، آج حتمی فیصلے کے لئے کوہاٹ میں فریقین کے عمائدین موجود ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے ایم این اے اور پارلیمانی لیڈر انجنئیر حمید حسین کا کہنا ہے کہ دو ماہ سے علاقے میں محصور عوام بھوک اور علاج نہ ملنے سے مر رہے ہیں، حکومت اگر ہمیں بھوک اور پیاس سے مارنا چاہتی ہے تو بہتر ہے کہ ایک بار بمباری کرکے مار دیں۔

پاراچنار میں قبائلی جھڑپیں: کرسمس کی خوشیوں پر پانی پھر گیا، عیسائی برادری

حمید حسین نے کہا کہ اگر حکومت قیام کے لئے مخلص ہے تو جرگہ سے مسئلہ کشمیر بنانے کی بجائے شاہراہ کھول کر محفوظ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تری منگل سے ٹل تک راستے محفوظ بنائے جائیں، مسافر گاڑیوں کے کانوائے اور قبائلی جھڑپوں کے باعث آمدورفت کے راستے دو ماہ سے بند ہیں۔

دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ علاج نہ ملنے کے باعث دو بچے دم توڑ گئے ہیں۔ دو ماہ کے دوران سترہ بچوں سمیت تیس سے زیادہ مریض علاج نہ ملنے اور پشاور اسپتال نہ پہنچنے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کا کہنا ہے کہ خورانی اشیاء کی کمی پر قابو پانے، استالوں کو ادویات کی فراہمی اور راستے کھولنے کے لئے مختلف اقدامات جاری ہیں۔

Grand Jirga

Kurram Agency

Kurram Clashes