عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلئے مقرر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کے لیے مقرر کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 17 دسمبر کو کرے گا، اس سماعت میں شواہد ریکارڈ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے نوٹسز جاری کر دیے جبکہ کاز لسٹ بھی جاری کردی گئی جبکہ عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمشنر کیس کی سماعت بھی اسی روز ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ ماہ توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 17 دسمبر کو وڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
گزشتہ سماعت میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ آئندہ سماعت پر شواہد و گواہوں کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔
کیس کا پس منظر
اگست 2022 میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے نوٹس میں عمران خان کے مختلف بیانات، تقاریر، پریس کانفرنسز کے دوران اپنے خلاف عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ، غلط بیانات و من گھڑت الزامات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو 30 اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔
نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پیمرا کے ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے 11 مئی، 16 مئی، 29 جون، 19، 20 جولائی اور 7 اگست کو اپنی تقاریر، پریس کانفرنسز اور بیانات میں الیکشن کمیشن کے خلاف مضحکہ خیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، توہین آمیز بیانات دیے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جو براہ راست مرکزی ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو مخاطب کرکے نوٹس میں مزید کہا تھا کہ آپ نے 12 جولائی کو بھکر میں ہونے والے جلسے میں خطاب کیا جو ’اے آر وائی‘ پر نشر ہوا اور ساتھ ہی اگلے دن روزنامہ ’ڈان‘ میں شائع ہوا، جس میں آپ نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز باتیں کیں اور ان پر من گھڑت الزامات عائد کیے۔