اسٹیل ٹاؤن میں حالات انتہائی کشیدہ، ایک گروپ نے دکانیں جلانا شروع کردیں
کراچی کے تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں نوجوان کے قتل پر احتجاج کا معاملہ سنگین صورت حال اختیار کرگیا اور تاحال حل نہیں ہوسکا۔
پولیس سے مذاکرات کے بعد مظاہرین ایک بار پھر مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی ہے۔
پورے علاقے میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں ، ایک گروپ نے دوسرے گروپ کی دکانیں جلانا شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب اسٹیل ٹاؤن تھانہ کی حدود میں کشیدہ حالات کے پیش نظر پولیس کی جانب سے اضافی نفری طلب کرلی گئی۔
قبل ازیں گلشن حدید بدھ بازار میں دو گروپوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے، چھریوں کے وار سے جاں بحق نوجوان کے لواحقین نے نیشنل ہائی وے پر شدید احتجاج کیا ہے۔
جاں بحق نوجوان کے لواحقین کے احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزم نے نوجوان زاہد کو چھریوں کے وار سے قتل کیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ قتل میں ملوث ملزم اور اس کے ساتھیوں کو فوری گرفتارکیا جائے۔