Aaj News

پیر, دسمبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Akhirah 1446  

منشیات اسمگل کرنے والے میاں بیوی سمیت 3 رکنی گروہ کو 41 سال قید کی سزا

اے این ایف نے گزشتہ سال مبشر حسین، رحمان اقبال اور زاہدہ سے ساڑھے 71 کلو افیون برآمد کی تھی
شائع 11 دسمبر 2024 01:53pm

اسلام آباد کی انسداد منشیات عدالت نے منشیات اسمگل کرنے والے میاں بیوں سمیت 3 رکنی گروہ کو مجموعی طور پر 41 سال قید کی سزا سنا دی جبکہ 3 رکنی گروہ پر 12 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

انسداد منشیات عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی، پراسیکیوٹر فہد ملک نے کہا 3 رکنی گروہ کے قبضے سے افیون برآمد کی گئی، گروہ جس گاڑی میں منشیات اسمگل کر رہا تھا وہ بھی قبضے میں لی گئی۔

پراسیکیوٹر فہد ملک کا بتانا ہے کہ لیبارٹری رپورٹ بھی مثبت آئی اور ملزمان نے منشیات اسمگل کرنے کے حوالے سے تسلیم بھی کیا۔

انسداد منشیات عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے 3 رکنی گروہ کو مجموعی طور پر 41 سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالت نے مبشر حسین کو 20 سال قید 8 لاکھ روپے جرمانہ، رحمان اقبال کو 9 سال قید ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی جبکہ عدالت نے ملزمہ زاہدہ پروین کو 12 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔

واضح رہے کہ اے این ایف نے گزشتہ سال مبشر حسین، رحمان اقبال اور زاہدہ پرویزن سے ساڑھے 71 کلو افیون برآمد کی تھی۔

اسلام آباد

drugs

Drugs Smuggling