Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

اسرائیل کے شام کے تین بڑے فضائی اڈوں سمیت 100 سے زائد ملٹری اہداف پر حملے

اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں کے ساتھ ایک بفر زون پر بھی قبضہ کرلیا
اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2024 09:13am

ایک طرف اسرائیل شام کی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بفرزون میں داخل ہوچکا ہے تو دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے شام کے تین بڑے فضائی اڈوں پر بمباری بھی کی گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے قمشلی ایئربیس، شنشار بیس اور عقبہ فضائی اڈے کو نشانہ بنایا۔ یہ بمباری شمال مشرقی شام، حمص اور دمشق کے جنوب مغرب کے اڈوں پر کی گئی۔ ان فضائی اڈوں پر درجنوں ہیلی کاپٹر اور جنگی طیارے موجود ہیں۔

شامی باغیوں کی جانب سے سرکاری فوج کو عام معافی دینے کا اعلان

اس کے علاوہ دمشق میں تحقیقی مرکز اور الیکٹرانک وار فیئر کے ایک مرکز پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔

طیاروں نے دارالحکومت دمشق سمیت ملک بھر میں درجنوں حملے کیے ہیں۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس (ایس او ایچ آر) کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے شام میں 100 سے زائد فوجی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جن مقامات پر اسرائیل کی جانب سے حملے کیے گئے ہیں اُن میں کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کا ایک تحقیقی مرکز بھی شامل ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اسد حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ہتھیاروں کو شدت پسندوں کے ہاتھوں جانے سے روکنے کے لیے کارروائی کر رہا ہے۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس (ایس او ایچ آر) کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران اسرائیل کی جانب سے شام میں سینکڑوں فضائی حملے کیے گئے ہیں جن میں دمشق کے اُس مقام کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے کہ جس کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ اسے ایرانی سائنسدان راکٹس کی تیاری کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔

اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں کے ساتھ ایک بفر زون پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی سفیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خط لکھ کر بتایا کہ شام کی سرحد سے متصل گولان کی پہاڑیوں میں محدود اور عارضی اقدامات کیے ہیں تاکہ کسی بھی خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے۔

شام میں تبدیلی کی کہانی، تصویروں کی زبانی

خط میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل شامی مسلح گروپوں کے درمیان جاری تنازع میں مداخلت نہیں کر رہا، ہمارے اقدامات صرف ہماری سلامتی کیلئے ہیں۔

نائب سفیر نے کہا کہ ہماری توجہ شامی عوام کے بہتر مستقبل پر مرکوز ہونی چاہیے۔

بشار کے انسانی مذبح خانے سے ننھا بچہ برآمد

شام کی صورتحال پر غور کیلئے روس کی درخواست پر سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں سعودی عرب نے کہا کہ اسرائیل نے بفر زون پر قبضے سے شام کی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے۔

اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ عبداللہ اور بائیڈن نے فلسطین سمیت اہم علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، شاہ عبداللہ نے شام کی سلامتی اور اس کے شہریوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ جبکہ شاہ عبداللہ نے ملک کو مستحکم کرنے لیے فوری بین الاقوامی کارروائی پر زور دیا۔

Syria rebel offensive 2024

Israel target Syrian Airbases