Aaj News

جمعرات, جنوری 16, 2025  
15 Rajab 1446  

”بھارت اب صرف ہندو اکثریت کی مرضی کے مطابق چلے گا“

متنازع ریمارکس دینے والے اِلٰہ آباد ہائی کورٹ کے جج کو سوشل میڈیا پر شدید نکتہ چینی کا سامنا
شائع 09 دسمبر 2024 07:38pm

بھارت میں ہائی کورٹ کے ایک جسٹس کو ہندو انتہا پسندوں کی مرضی کے ریمارکس دینے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر اِلٰہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شیکھر کمار یادو کی بھرپور ٹرولنگ کی جارہی ہے۔

شیکھر کمار یادو نے انتہا پسند ہندو تنظیم وِشو ہندو پریشد کی ایک تقریب میں شرکت کی اور وہاں تقریر کے دوران کہا کہ بھارت میں ہندوؤں کی اکثریت ہے اور بھارت میں وہی ہوگا جو اکثریت چاہے گی۔ یہ ریمارکس ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کے لیے یکساں سول کوڈ کے حوالے سے تھا۔

انتہا پسند ہندو چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں عائلی معاملات اور ترکے کی تقسیم وغیرہ کے حوالے سے یکساں قوانین نافذ کیے جائیں۔ مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں نے اس کی شدید مخالفت کی ہے۔

یکساں سول کوڈ نافذ کیے جانے کی صورت میں کوئی بھی شخص ایک سے زائد بیویاں نہیں رکھ سکے گا اور طلاق بھی نہیں دے سکے گا۔ شریعت کہتی ہے کہ شوہر کے مرنے پر بیوہ کو (اولاد کی موجودگی کی صورت میں) ترکے میں سے آٹھواں حصہ ملے گا جبکہ یکساں سول کوڈ کی صورت میں بیوہ کو ترکے کا نصف ملے گا۔

اقلیتوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ یکساں سول کوڈ نافذ کیے جانے سے معاملات صرف خراب ہوں گے۔ شادی بیاہ، طلاق اور ترکے کی تقسیم کے معاملات میں ہر شخص کو اپنے مذہب کے مطابق چلنے کا اختیار دیا جانا چاہیے۔

جسٹس شیکھر کمار یادو پر سیاسی پلیٹ فارم سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرنے پر بھی تنقید کی جارہی ہے۔ وکلا اور صحافیوں نے کہا ہے کہ کسی بھی آن ڈیوٹی جج کو سیاسی پلیٹ فارمز کی تقریبات میں شریک نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اِس سے غیر جانب داری متاثر ہوتی ہے۔ شیکھر کمار یادو نے گائے کے تحفظ سے متعلق انتہا پسند ہندوؑں کی سوچ سے مطابقت رکھنے والے ریمارکس دے کر بھی تنازع کھڑا کیا تھا۔

india

UNIFORM CIVIL CODE

ALAHABAD HIGH COURT

JUSTICE SHEKHAR KUMAR YADAV

MAJORITY RULE

VISHWA HINDU PARISHAD