Aaj News

پیر, مئ 05, 2025  
07 Dhul-Qadah 1446  

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مالی بے قاعدگیوں پر نیب کی تحقیقات شروع، کرپٹ سسٹم میں کھلبلی

نیب حکام نے ڈی جی پارکس کو خط لکھ دیا، 13 دسمبر تک تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت
شائع 09 دسمبر 2024 05:40pm

قومی احتساب بیورو(نیب) نے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مالی بے قاعدگیوں پر تحقیقات شروع کر دیں، نیب حکام نے محکمہ پارکس کے ایم سی سے 2016 سے اب تک پارکوں کے ترقیاتی کاموں کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔

نیب تحقیقات کے آغاز سے پارکوں کے ترقیاتی کاموں کی مبینہ بندر بانٹ میں ملوث کرپٹ سسٹم میں کھلبلی مچ گئی ہے، تین سابق ڈی جیز سمیت محکمہ کے اعلیٰ افسران نیب ریڈار پر آگئے ہیں۔

سابق ڈی جی نیب لاہور کیخلاف نیب انکوائری شروع ہونے کا انکشاف

ذرائع کے مطابق گزشتہ چند سالوں کے دوران محکمہ پارکس میں جعلی ، بوگس ٹینڈرز اور کوٹیشنز کی بھر مار کی گئی ۔ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے چورنگیوں کی بیوٹی فکیشن کے نام پر کروڑوں روپے ٹھکانے لگائے گئے ہیں۔

نیب نے پارکس کے ٹھیکوں، پبلک پرائیویٹ سسٹم میں بدعنوانیوں اور دیگر معاملات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام نے 2016ء سے تعمیر پارکوں کی تفصیلات اورفنڈز کی معلومات بھی طلب کی ہیں۔

نیب کا بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

نیب حکام نے ڈی جی پارکس کو خط بھیجتے ہوئے انہیں 13 دسمبر تک تمام تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ 2 دسمبر سے ڈی جی پارکس کا عہدہ بھی خالی ہے۔

NAB

kmc

karachi