Aaj News

پیر, فروری 03, 2025  
04 Shaban 1446  

انسداد کرپشن کے عالمی دن پر وزیراعظم اور صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کیا کہا

بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں، شہباز بدعنوانی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کریں، زرداری
شائع 09 دسمبر 2024 08:22am

انسداد کرپشن کے عالمی دن پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے اہم پیغام سامنے آئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد کرپشن کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی ایسا گھناؤنا عنصر ہے جو کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے، آنے والی نسلوں کے لیے شفاف، مربوط اور جوابدہ معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، ہر سطح پر بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 دسمبر کو انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جو ہم سب کو اپنے معاشروں کو درپیش بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کی عالمی کوششوں کی یاد دہانی ہے، اس سال کے عالمی دن کا موضوع ”بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونا، کل کی سالمیت کی تشکیل“ بجا طور پر اس اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے جو ہمارے نوجوان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل ایک ایسے مستقبل کی مستحق ہے جو کرپشن سے پاک ہو.ہم اپنے اداروں کی محنت کی ستائش کرتے ہیں اور معاشرے سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اس اہم کام میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدر مملکت آصف زرداری

صدر مملکت آصف زرداری نے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرپشن سے پاک کلچر کی تشکیل کے لیے اجتماعی رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی، کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت احتسابی اقدامات کے نفاذ اور گورننس میں شفافیت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، کرپشن کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی کوششوں سے جیتنا ممکن نہیں مل کر کام کرنا ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے انسدادِ بدعنوانی کے بین الاقوامی فریم ورکس کی روشنی میں اہم اقدامات اٹھائے ہیں، یہ دن کرپشن کے خلاف جدوجہد ، شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لیے تمام اقوام کی ذمہ داری کی یاددہانی کراتا ہے، کرپشن سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب قانونی چارہ جوئی کے علاوہ عوامی شعور اجاگر کرنے میں بھی مرکزی کردار ادا کررہا ہے، معاشرے کا ہر طبقہ، خصوصا نوجوان، سول سوسائٹی اور شہری بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

President Asif Ali Zardari

World Anti Corruption Day

anti corruption day