Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

وزیراعظم کا لبنانی ہم منصب سے رابطہ، پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کیلئے مدد مانگ لی

شام اور لبنان میں تعینات سفیروں کو پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کیلئے ہر ممکن تعاون کی ہدایت
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2024 08:50pm

وزیراعظم شہبازشریف نے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا میں تعاون کی درخواست کر دی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون کی درخواست پر لبنانی ہم منصب نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔

وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے برادر اسلامی ملک کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، اسلامی بھائیوں اور بہنوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی، مستقبل میں بھی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران فلسطینی عوام کیلئے بھی جنگ بندی کے معاہدے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب میں کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے اقدامات کیے جائیں، اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

ادھر شہباز شریف نے شام اور لبنان میں تعینات پاکستانی سفیروں سے بھی رابطہ کیا ہے، شام میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کیلئے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارتخانے کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ دمشق میں پاکستان کا سفارتی عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے، پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ اور عملہ بھی محفوظ ہے۔ تاہم دوسری جانب شام جانے والے کئی پاکستانی زائرین پھنس گئے ہیں۔

شام کی باغی ملیشیا حیات التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کے ملک پر قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہر سال لاکھوں پاکستانی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام جاتے ہیں۔

صدر بشار الاسد کا 24 سالہ دور ختم، شام کے وزیرِ اعظم نے اہم اعلان کردیا

بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغیوں نے نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریباً 300 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ہیں۔

شام ونگز ائیرلائن کے کنٹری ہیڈ طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ملک پر قبضے کے بعد ائیر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری آج لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے۔

طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ 11 دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی کینسل ہے۔

دوسری جانب زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں، دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔

شام میں باغی دستے حمص میں داخل، 3500 سے زائد قیدی جیل سے فرار

شام میں موجود پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شام کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتخانے کے نمبرز دے دیے گئے ہیں۔

world

Syria

Syria rebel offensive 2024