Aaj News

ہفتہ, مئ 03, 2025  
05 Dhul-Qadah 1446  

سول نافرمانی پر پی ٹی آئی اور گنڈا پور پہلے خود کنفرم کرلے پھر بات کریں گے، حافظ نعیم الرحمن

دوسرا کہے تو فیک نیوز، حکومت خود کہے تو سب سچ ہوتا ہے،امیر جماعت اسلامی
شائع 07 دسمبر 2024 06:20pm

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت جھوٹ بول رہی ہے کہ اسلام آباد میں شہادتیں نہیں ہوئیں، 6، 7 لوگوں کو تو ہم خود جانتے ہیں جو گولیوں کا نشانہ بنے ہیں، دوسرا کہے تو فیک نیوز، حکومت خود کہے تو سب سچ ہوتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سول نافرمانی پر پی ٹی آئی اور گنڈا پور پہلے خود کنفرم کرلے پھر بات کریں گے، 26 ویں آئینی ترمیم پی ڈی ایم کا کارنامہ ہے، دینی مدارس کی رجسٹریشن ان کا حق ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی اور ونٹر پیکج ایک گورکھ دھندا ہے، 5 آئی پی پیز بند ہوئیں تو بجلی کے بل کم کیوں نہیں ہوئے ہیں ؟

حافظ نعیم نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیاں کہتی ہیں کہ فائروال لگا کرمعیشت کو برباد کردیا گیا، اسٹاک مارکیٹ اچھی ہے تو پیٹرول و گیس کی قیمت کیوں کم نہیں ہو رہی ہیں ؟ مہنگائی کہاں کم ہو رہی ہے؟ کرسی سے نیچے اتریں، عوام کے مسائل حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی قبضوں، ناجائز بھرتیوں وسائل کو لوٹنے کا سسٹم کیا ہے؟ چھبیسویں آئینی ترمیم پر سب مل کر بیٹھ جاتے ہیں،عوام کی کوئی بات نہیں کرتا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا کسان، کاشتکار قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، کپاس کی فصل کم ہو رہی ہے، کپاس امریکا سے منگوائی جا رہی ہے، گنے کی فصل تیار ہے، ریٹ تاحال طے نہیں ہوسکا، پہلے کپاس گندم پر کسانوں کو تنگ کیا ، اب گنے کی فصل پر تنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمراں کہتے ہیں آئی ایم ایف کے حکم پرسبسڈی نہیں دے سکتے، آئی ایم ایف تو کہتا ہے اپنی مراعات کم کرو، خرچے کم کرو ، اشرافیہ پر ٹیکس لگائو تو ٹیکس لگانے میں کیا مسئلہ ہے؟

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا مزدوروں، کسانوں اورعام آدمی کی یوٹیلٹی کا مسئلہ ترجیح نہیں، وہاڑی ، منڈی بہائو الدین اور جھنگ کے کسان کے مارچ کریں گے ، لاہورمیں ہم بھی کسانوں کے ساتھ بھرپوراحتجاج کریں گے، کسانوں کو فوری ریلیف دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 40 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہی ہے، حکومت مڈل کلاس کی ترجمانی نہیں کرتی، پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ طالب علم کے قتل کا مسئلہ حل کرے، نوجوانوں کے حقوق پر تو بات ہوگی تو خاموش نہیں رہ سکتے۔

Jamat e Islami

hafiz naeem ur rehaman