Aaj News

پیر, مارچ 24, 2025  
24 Ramadan 1446  

پنجاب میں سولر پینل اسکیم کا افتتاح، کتنے صارفین کو مفت ملیں گے؟

سولر پینل پروگرام کی لانچنگ کردی گئی ہے، عظمیٰ بخاری
اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2024 07:48pm

** وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، صوبے بھر کے ایک لاکھ صارفین کو فری سولر پینل ملیں گے۔**

لاہورمیں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسکیم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سال میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف فراہم کرنا ہے ، اس کے لئے پنجاب کے صارفین آج سے ہی اپلائی کر سکتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ فی یونٹ 14روپے سبسڈی سے پنجاب کے 73 لاکھ صارفین مستفید ہوئے ہیں ، عوام کے وسائل ان کی سہولت اور ریلیف کے لئے خرچ ہوں گے ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کو صوبائی سیکرٹری انرجی نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ میں ماہانہ 200 یونٹ والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا، فری سولر پینل اسکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 100یونٹ ماہانہ والے 52019 صارفین کو 550 واٹ، جبکہ 200 یونٹ والے صارفین کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم مفت دیا جائے گا -

صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ صارفین فری سولر پینل اسکیم کے لئے 8800 پر ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبرسے تصدیق کی جائے گی۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ اسکیم میں شفافیت کے لئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی، صارفین کی رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 1 لاکھ سولر سسٹم لگانے سے 57ہزار ٹن کاربن کا اخراج کم ہوگا، اسکیم سے وفاقی حکومت پر بھی سبسڈی کا بوجھ کم ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کی خبر ہے کہ فتنہ فساد پارٹی سوشل میڈیا پر بھی مقبول نہیں رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو بدترین شکست ہوئی ہے، یہ اپنے دور حکومت میں بھی جیتنے کے قابل نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے تاریخی فتح حاصل کی، پہلے 18اب 22 ہزار کی لیڈ سے ضمنی الیکشن جیتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں نے فساد کی کال مسترد کردی، پاکستان کے اداروں کے خلاف بیانیہ کو مسترد کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آج بھی ن لیگ پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی ہے، 30 ہزار بچوں کو اسکالر شپ دیئے گئے ہیں، مریم نواز نے 68 ہزار طلبہ کو تعلیم کا موقع دیا ہے۔

ان کہنا تھا کہ ہم نے بچوں کے ہاتھوں میں اسکالر شپ دی ہیں، ہم ڈنڈے اٹھانے والے نہیں، پنجاب کو بچوں کیلئے ترقی کرتا پنجاب کا موقع ملا ، تمام تحصیلوں میں کے لئے نئی مشینری خریدی گئی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 130 ارب روپے کا اسکالر شپ کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت پانچ سالہ ڈگری ٹیوشن فیس حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ فری سولر پینل پروگرام کی لانچنگ کردی گئی ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 54 ارب روپے کے ذریعے 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا ہے۔

lahore

punjab

CM Punjab Maryam Nawaz