Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

دہشتگردی کا خاتمہ کردیا تھا مگر بدقسمتی سے دہشتگردوں نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، وزیراعظم

پاک بحریہ ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، شہباز شریف کا خطاب
شائع 06 دسمبر 2024 06:14pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، ہم نے 2018 میں دہشت گردی کا خاتمہ کردیا تھا مگر بدقسمتی سے دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے۔

پاکستانی نیوی وار کالج لاہور ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ کے بہادر افسر اور جوان پاکستان کی سمندری حدود کا تحفظ یقینی بنارہے ہیں، پاکستان نیوی پہلے ہی ہمارے پوٹیشنل کو ایکسپلور کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے پاس ایک اچھی خبر ہے، کچھ روز قبل مجھے بہترین دوست چین سے ایک پیغام ملا کہ وہ ایک اور وفد پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے تاکہ سمندر کے نیچے جو قدرتی وسائل موجود ہیں، ان کی تلاش کے حوالے سے کام کیا جاسکے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں بلیو اکانومی کومرکزی حیثیت حاصل ہے، پاک بحریہ سمندری وسائل سے استفادے کے لیے اقدامات کررہی ہے، دوست ملک چین بھی بحری شعبے میں تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، بلیو اکانومی سے ہی ہماری ترقی و خوشحالی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کی بندرگاہ ایک مرکزی حیثیت رکھتی ہے، اسے بہترین کمرشل بندرگارہ بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اسکلز اور جہاز سازی کو فروغ دیا جاسکتا ہے، بدقسمتی سے اس مقصد کو توسیع نہیں دی جاسکی اور ہم سب کو اس کی وجوہات کا علم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے حوالے سے ماضی قریب میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوئے ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے، پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے بھاری قیمت ادا کررہا ہے، ہمارے افسر اور جوان اپنے عوام کے محفوظ مستقبل کے لیے جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں، حکومت اور افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں ہم نے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا، بدقسمتی سے دہشت گردی کے ناسور نے اب دوبارہ سر اٹھایا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار لوگ شہید اور معیشت کو 3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، جب تک دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ نہیں کرلیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیئراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان شپنگ کارپوریشن کا آج جو حال ہے ہمیں اس کا جائزہ لینا ہوگا، پاکستان کے پاس سامان کی نقل و حمل کے لیے صرف 12 کمرشل بحری جہاز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال اور صلاحیتوں سے بھرپور ملک ہے، وسائل اور صلاحیتوں کے باوجود ہم قرض میں جکڑے ہوئے ہیں، برادر ملک سعودی عرب نے ایک سال کے لیے 3 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی میں توسیع کی ہے، ہمیں اپنے حقیقی کام پر توجہ دینی ہے، پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

lahore

PM Shehbaz Sharif

Terrorism in Pakistan