Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

جسٹس منصور صاحب! عوام کا اعتماد مجروح ہونے کا آپ کو خیال نہ آیا؟ خواجہ آصف

انہیں خدشہ ہے ان کے خط کے مندرجات پہ عمل نہ ہوا تو عوام کا عدلیہ سے اعتماد اٹھ جائے گا، وزیر دفاع
شائع 06 دسمبر 2024 11:46am

وزیر دفاع خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کے سیئنر ترین جج منصور علی شاہ کے خط پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ سلیکٹیو سینس آف جسٹس آپ کے مقام کو زیب نہیں دیتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر کہا تھا 26 ویں ترمیم کیخلاف درخواستوں کے فیصلے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کیا جائے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس پاکستان کے نام خط میں 26 ویں ترمیم کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لیے فل کورٹ بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواستیں سماعت کے لیے لگانے کا حکم دیں۔

جسٹس منصور علی شاہ کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ نہایت محترم جسٹس منصور علی شاہ صاحب نے خط میں ایک خدشےکا اظہار فرمایا ہے، انہیں خدشہ ہے ان کے خط کے مندرجات پہ عمل نہ ہوا تو عوام کا عدلیہ سے اعتماد اٹھ جائے گا۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ محترم جج صاحب اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ عرصہ دراز سے وابستہ ہیں، ان کی اس وابستگی کے دوران عدلیہ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اس کے عینی گواہ ہیں، ثاقب نثار، کھوسہ صاحب (آصف سعید کھوسہ)، اعجاز الاحسن اور مظاہر نقوی عدلیہ کا وقار پامال کرنے والے چند نام ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت سے اور بھی صاحبان عدلیہ کے وقار کو پامال کرنے والے ہیں، محترم شاہ صاحب اُس وقت عوام کا اعتماد مجروح ہونے کا آپ کو خیال نہ آیا، یا یہ شکایت کسی ذاتی وجہ سے ہے محترم شاہ صاحب؟

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ محترم شاہ صاحب آپ بہت بڑے مقام پہ فائز ہیں، میرے لیے آپ محترم ہیں، محترم شاہ صاحب یہ سلیکٹیو سینس آف جسٹس آپ کے مقام کو زیب نہیں دیتا۔

Khawaja Asif

justice mansoor ali shah