پاک بحریہ کی حربی صلاحیتوں میں اضافہ، بھارتی نیوی حیران وپریشان
پاک بحریہ کی حربی صلاحیتوں میں اضافہ نے بھارتی نیوی حیران وپریشان کر دیا، 50 پاکستانی جنگی جہازوں اور 8 نئی جدید آبدوزوں کا سوچ کر بھارتی نیول چیف کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بھارتی نیول چیف ایڈمرل دنیش تریپاٹھی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاک بحریہ چین کی حمایت سے حیرت انگیز ترقی کر رہی ہے۔
پاک چین دوستی کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بھی بھارت کو کھٹکنے لگے، بھارتی نیول چیف پاک بحریہ کی بڑھتی صلاحیتوں کی گردان کرتے رہے۔
پاک بحریہ کے بیڑے میں 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت کا سوچ کر ہی بھارتی نیوی کی نیندیں اڑنے لگی ہیں۔
پروفیشنل فورس کے سربراہ کے بجائے بھارتی نیول چیف مودی جی بھگت دکھائی دئیے،اپنی پریس کانفرنس میں مودی کے ”اقوال زریں“ پیش کرتے رہے۔
ایڈمرل دینیش تریپاٹھی نے کہا کہ پاک بحریہ کی حیران کن ترقی کے تعاون سے کئی جنگی جہازوں کی تعمیرسے آگاہ ہیں، بھارتی بحریہ ہمسایوں کے خطرات سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی بنانے پر مجبور ہے۔
ایڈمرل تریپاٹھی نے کہا کہ چین پاکستان کی بحری صلاحیتوں کو مضبوط بنانا چاہتا ہے، ہم اپنی حکمتِ عملی کوہمسایہ ممالک سے ممکنہ خطرات سے مؤثرطریقے سے نمٹنے کے لیے ڈھال رہے ہیں۔
بھارتی دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ شمال میں چین، مشرق میں بنگلہ دیش اور مغرب میں پاکستان، کسی پڑوسی سے بھارت کی نہیں بنتی ہے، پاک چین دوستی کے بعد ترکی سے دفاعی تعاون بھی بھارت کو گراں گزرنے لگا۔
بنگلہ دیش سے تعلقات بہتر ہونے پربھارتی دفاعی ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی دوستی سے بھارت کو بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے خطرہ ہو گا۔
پاک بحریہ آئندہ برس فروری میں ایک بار پھر امن مشقوں کی میزبانی کرے گی، پاک بحریہ کے تحت امن مشقوں کی کامیابی بھی بھارتی بحریہ کو کھٹکنے لگی ہے۔
بھارتی نیول چیف پریس کانفرنس میں پاکستان کی امن مشقوں کے مقابلے میں اپنی ملن ایکسر سائز کو بڑھا چڑھا کرپیش کرتے رہے۔