ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی سے اپنے خاندان کو نوازنا شروع کردیا
دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے باضابطہ طور پر صدر کا منصب سنبھالنے سے پہلے ہی اپنے خاندان کو نوازنا شروع کردیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے شدید تنقید کی جارہی ہے کیونکہ اُنہوں نے خاصی متنازع شخصیات کو اپنی کابینہ کا حصہ بنانے کا عمل شروع کیا ہے۔
اب معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے بیٹی کے سُسر مساڈ بولوس کو مشرقِ وسطیٰ میں مشیر نامزد کیا ہے۔
ٹرمپ داماد کے والد چارلس کشنر کو بھی فرانس میں امریکا کا سفیر نامزد کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنے قریبی ساتھی بھارتی نژاد کاش پٹیل کو ڈائریکٹرایف بی آئی نامزد کیا ہے۔ کاش پٹیل ماضی میں کئی مرتبہ ایف بی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک طرف تو متنازع لوگوں کو کابینہ میں لے کر معاملات کو ابھی سے الجھارہے ہیں اور دوسری طرف انہوں نے بین الاقوام معاملات میں خرابی کی راہ ہموار کرنے والی باتیں بھی شروع کردی ہیں۔
برازیل، بھارت، چین اور جنوبی افریقا پر مشتمل اتحاد برکس کو انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر اُس نے امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں کوئی اور کرنسی لانے کی کوشش کی تو امریکا بھرپور کارروائی کرکے اُن کے ارادے ناکام بنادے گا اور اِن ممالک سے معاشی روابط بھی ختم کرنے میں دیر نہیں لگائے گا۔