Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
30 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودیہ میں 164 سرکاری ملازمین رشوت کے الزام میں گرفتار

نومبر میں کرپشن کے الزامات کے حوالے سے 370 افراد سے تفتیش کی گئی تھی
شائع 02 دسمبر 2024 08:53am

ریاض: سعودی عرب میں محکمہ انسداد کرپشن نے رشوت اور منصب کے ناجائز استعمال کے الزام میں 164 سرکاری ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے۔ زیر حراست افراد کا تعلق مختلف وزارتوں جیسے وزارت داخلہ، وزارت تعلیم، وزارت صحت، اور وزارت بلدیات سے ہے۔

محکمہ انسداد کرپشن کے مطابق، نومبر میں کرپشن کے الزامات کے حوالے سے 370 افراد سے تفتیش کی گئی تھی، جس کے بعد بعض افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

اس سے پہلے، ستمبر میں سعودی عرب کی انسداد بدعنوانی اتھارٹی نے کنگ عبداللہ پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے زکوٰۃ، ٹیکس، اور کسٹم اتھارٹی کے تین ملازمین کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ یہ کارروائی وزارت داخلہ کے تعاون سے کی گئی تھی، جس میں مذکورہ ملازمین کو 6 مقیم غیر ملکیوں سے رشوت لینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

انسداد بدعنوانی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رشوت میں وصول کی گئی رقم 2.234 ملین ریال تھی۔ یہ کارروائیاں سعودی عرب میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔

Saudia Arabia