Aaj News

اتوار, دسمبر 01, 2024  
28 Jumada Al-Awwal 1446  

چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر موجود ڈیڈ لاک ووٹنگ کے مرحلے سے پہلے ختم ہونے کا امکان

آئی سی سی میٹنگ آج کسی بھی وقت ہونے کا امکان
شائع 01 دسمبر 2024 11:52am

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے معاملے پر موجود ڈیڈ لاک ووٹنگ مرحلے سے پہلے ختم ہونے کی امید ہے جبکہ آئی سی سی میٹنگ آج کسی بھی وقت ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر موجود ڈیڈ لاک ووٹنگ مرحلے سے پہلے ختم ہونے کی امید پیدا ہونے لگی، پی سی بی نے آئی سی سی کے ساتھ نیا فارمولہ شیئر کیا ہے، نئے فارمولے کے تحت بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان بھی اپنے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلے گا، پاکستان نیا فارمولا اگلے تین برس کے آئی سی سی ایونٹس پر لاگو کرنا چاہتا۔

ذرائع نے بتایا کہ نئے فارمولے کے تحت بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے، پاکستان برابری کی بنیاد پر بھارت کے ساتھ چلنا چاہتا ہے۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے آئی سی سی میٹنگ آج کسی بھی وقت ہونے کا امکان ہے، نئے فارمولے کو ہائبرڈ ماڈل نہیں بلکہ کوئی اور نام دیا جائے گا۔

چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی نے پاکستان اور بھارت کے بورڈز کو قابل قبول فارمولا دے دیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی سید محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات چل رہے ہیں کوشش کریں گے کہ جو پاکستان کے لئے بہترین ہو وہ حاصل کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا وعدہ ہے اب جو بھی ہو گا برابری کی بنیاد پر ہوگا، اب جو بھی فارمولا بنے گا وہ مستقبل کے لیے مثال بنے گا، اب بات صرف چیمپئنز ٹرافی تک محدود نہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

چیمپئنز ٹرافی معاملہ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر کا بیان سامنے آگیا

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

PCB

ICC

BCCI

Champions Trophy

champions trophy 2025

INTERNATIONAL CRICKET COUNCIL (ICC)

Icc Champions Trophy 2025

icc champions trophy

pakistan host champions trophy