Aaj News

اتوار, دسمبر 01, 2024  
28 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکی سیاستدانوں کو بم کی دھمکی، ڈیموکریٹک ارکان نے کانگریس سے اہم مطالبہ کردیا

اس سے قبل ٹرمپ کے نامزد کابینہ ارکان کو بھی بم کی دھمکیاں ملیں تھیں، رپورٹ
شائع 01 دسمبر 2024 08:59am

امریکا میں سیاستدانوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیموکریٹک ارکان نے کانگریس سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریاست کنیکٹیکٹ کے سات امریکی ہاؤس اور سینیٹ ڈیموکریٹس کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ اس سے قبل ٹرمپ کے نامزد کابینہ ارکان کو بھی بم کی دھمکیاں ملیں تھیں۔

امریکا کے تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آئی) کے مطابق سیاستدانوں کو ملنے والی دھمکیوں سے متعلق شکایات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کابینہ کے مختلف ممبران کو بم کی دھمکیاں ملی ہیں، جس میں انہیں نشانہ بنایا جاسکتا ہے، یہ دھمکیاں منگل کی رات اور بدھ کی صبح دی گئیں۔

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے کے لیے ٹرمپ کی منتخب کردہ ایلیس اسٹیفنک نے بتایا کہ انہیں ان کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے، یہ دھمکی مجھے گاڑی چلاتے ہوئے ملی۔ کئی سیاستدانوں کو گھر میں ہی بم کی دھمکی موصول ہوئی۔

خیال رہے کہ آئندہ برس جنوری میں وائٹ ہاؤس میں واپسی کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وفادار ساتھیوں پر مشتمل کابینہ تشکیل دے دی ہے جس میں کئی ایسے افراد شامل ہیں جنہیں ناتجربہ کاری کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان کی کابینہ میں ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کو بھی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ حکومتی کارکردگی کی مہم کی قیادت کریں گے۔

Donald Trump

Bomb Threat