Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
08 Rajab 1446  

بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کوئی خبریں نہیں، سماعتیں بھی مؤخر کردی گئی ہیں، علیمہ خان

وکلا اور فیملی کی ملاقات تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، علیمہ خان
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2024 09:08pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کوئی خبریں نہیں، جیل میں عدالتی سماعت بھی مؤخر کردی گئی ہے۔

علیمہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری پیغام میں کہا کہ اب سماعت دو یا تین دسمبر کو ہوگی، اب پرسوں ہی وکلا اور فیملی بانی سے ملاقات کرسکیں گے۔

علیمہ نے کہا کہ اُس وقت تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، کیونکہ اس وقت جو بھی خبریں آرہی ہیں وہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو کوئی ایسی چیز دی گئی ہے، جس سے ان کا ذہنی توازن بگڑنے کا خطرہ ہے اور ان کی جان کو بھی ’شدید خطرات‘ لاحق ہیں۔

ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں قاسم خان سوری نے لکھا کہ قریبی ذرائع بتاتے ہیں ’عمران خان کو ایک چھوٹے سے کمرے میں بند کرکے کسی زہریلی چیز کا اسپرے کیا گیا ہے، جس کی بو ان کے ذہن پر اثر کر رہی ہے، عمران خان کی طبیعت خراب ہے اور جان کو شدید خطرات لاحق ہیں‘۔

علیمہ خان کا ممکنہ طور پر اشارہ انہی ’قیاس آرائیں‘ کی طرف ہے، جن کا انہوں نے گریز کرنے کا کہا ہے۔

انسٹا گرام پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل اکاؤنٹ پر قاسم خان سوری کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قاسم خان سوری نے اپنے ذرائع کے حوالے سے عمران خان کے بارے میں خطرناک رپورٹس شیئر کی ہیں۔

پی ٹی آئی کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں عمران خان کا شفاف طبی معائنہ کرواکر ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کا اس وقت اپنے خاندان سے رابطہ مکمل منقطع ہے، انہیں ضروری طبی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی جارہیں، ان کی خیریت سے متعلق ٹھوس اور قابل اعتماد ثبوت بھی نہیں ہے، عمران خان کی ’تنہائی‘ کے باعث انسانی حقوق کے حوالے سے سنجیدہ تحفظات جنم لیتے دکھائی دیتے ہیں۔

تحریک انصاف کی پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور ان کی جان کو خطرات کے خدشات سے سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس سب کے پیچھے کیا ارادے کار فرما ہیں؟

imran khan

Aleema Khan