یکم دستمبر سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ کا امکان
مہنگائی کے ستائے شہریوں کو پیٹرول کی قیمتوں میں ایک اور اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت 30 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخوں کا اعلان کرنے والی ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میں 3.15 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 3.20 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
ممکنہ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ہے، جس نے درآمدی لاگت کو متاثر کیا ہے۔
وزارت پٹرولیم قیمتوں میں مجوزہ تبدیلیوں کے لیے ورکنگ پیپر تیار کر رہی ہے جسے وزارت خزانہ کو بھیجا جائے گا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نظرثانی شدہ نرخوں کا اعلان وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
فی الحال، پیٹرول کی قیمت 248.38 روپے فی لیٹر ہے، جب کہ ایچ ایس ڈی 255.14 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 161.54 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت 147.51 روپے فی لیٹر ہے۔
تاہم، تیل کی عالمی منڈیوں کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ، گھریلو ایندھن کی قیمتوں میں ایک اور اضافہ اقتصادی چیلنجوں، نقل و حمل کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور اشیائے ضروریہ پر افراط زر کے دباؤ کو بڑھا سکتا ہے۔
Comments are closed on this story.