Aaj News

منگل, نومبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی رہنما کو انسداد دہشتگردی عدالت سے ریلیف مل گیا

عدالت نے اپوزیشن لیڈر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی
شائع 26 نومبر 2024 12:01pm

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 7 دسمبر تک توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملے سمیت 3 جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما قومی اسمبلی عمر ایوب کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار کا مؤقف کہ اسے سیاسی بنیادوں پر جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، عدالت عبوری ضمانتیں منظور کرے۔

دوران سماعت عمر ایوب کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ راستے بند ہونے کے باعث عمر ایوب عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، استدعا ہے کہ عمر ایوب کو ایک پیشی کے لیے استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور عبوری ضمانت میں 7 دسمبر تک توسیع کر دی۔

یاد رہے کہ عمر ایوب کے خلاف تھانہ گلبرگ ،سرور روڑ اور شادمان پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔

pti leader

Omar ayub

ATC

Omar Ayub Khan

lahore

umar ayub

atc lahore

Jinnah House Attack

Omer Ayub