Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
26 Jumada Al-Akhirah 1446  

تشدد سے پولیس کانسٹیبل شہید، وزیراعظم کی ملوث افرادکو سزا دلانے کی ہدایت

شر پسندوں کے تشدد سے اب تک 70 پولیس اہلکار زخمی ہیں ، ترجمان پنجاب پولیس
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2024 08:38pm

پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کے دوران ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ آور ہو گئے، پرتشدد حملوں میں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل مبشر سر پر چوٹ کے باعث شہید ہو گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ احتجاج کی آڑ میں شرپسندوں نے پولیس اہلکار پر حملہ کر دیا، کانسٹیبل مبشر تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا، جہاں وہ شہید ہوگئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شرپسندوں کے حملے میں شہید 46 سالہ کانسٹیبل مبشر بلال کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا، کانسٹیبل مبشر کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج: سڑکوں کی بندش سے مویشی ہلاک، انڈوں اور سبزیوں کی سپلائی معطل

ترجمان نے مزید بتایا کہ شر پسندوں کے تشدد سے اب تک پولیس کے 70 اہلکار زخمی ہیں، زخمی اہلکاروں کو سر، بازو اور ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کی تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے حملہ آوروں کی شناخت جاری ہے، شر پسندعناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہکلہ میں مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس کا نسٹیبل کو خراج عقیدت کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کانسٹیبل مبشر نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے، تشدد کرنے والے مظاہرین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں ، ذمہ دارعناصرکو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریںگے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکارکو شہید کرنے کی مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے کانسٹیبل مبشر کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے اس کے لئے دعائے مغفرت کی ہے۔

شہباز شریف نے واقعہ میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں سزا دلوانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Punjab police

PTI protest

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

24th November PTI March