Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
05 Rajab 1446  

جب تک خان ہمارے پاس نہیں آئیں گے، مارچ ختم نہیں کریں گے، بشریٰ بی بی کا خطاب

میں آخری سانس تک کھڑی رہوں گی اور آپ نے میرا ساتھ دینا ہے، بشریٰ بی بی
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2024 04:38pm

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے احتجاجی شرکا سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ جب تک خان ہمارے پاس نہیں آئیں گے، یہ مارچ ختم نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پشاور سے اسلام آباد آنے والا پی ٹی آئی قافلے بتدریج ڈی چوک کی طرف بڑھ رہا ہے۔ امکان تھا کہ آج دوپہر 12 بجے قافلہ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوجائے لیکن ایسا نہیں ہوا۔

عمرایوب اور گنڈا پور نے بشریٰ بی بی سے ملاقات کی ہے اور لائحہ عمل پر مشاورت کی۔ اس دوران بشریٰ بی بی نے کارکنوں کو آگے بڑھنے کی ہدایت کی ہے۔

اب انہوں نے شرکا سے خطاب کے دوران کہا کہ میں آخری سانس تک کھڑی رہوں گی اور آپ نے میرا ساتھ دینا ہے۔ خطاب کے جواب میں کارکنوں نے پرجوش انداز میں جواب دیا کہ وہ ان کا ساتھ دیں گے۔

بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ اگر کوئی ساتھ نہیں بھی دے گا تو وہ تب بھی کھڑی رہیں گی کیونکہ ’یہ صرف میرے میاں کی نہیں بلکہ اس ملک اور اس کے لیڈر کی بات ہے۔‘

انہوں ںے کہا کہ ‏میرے بچو اور بھائیوں، جب تک عمران خان ہمارے پاس نہیں آجاتے، ہم نے یہ احتجاج ختم نہیں کرنا، میں اپنی آخری سانس تک وہیں کھڑی رہوں گی آپ لوگوں کو ہمارا ساتھ دینا ہے اگر کوئی ساتھ نہیں دے گا تب بھی میں کھڑی رہوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے، وہ آخری وقت تک ساتھ نہیں چھوڑے گی۔

یہ کہہ کر بشریٰ بی بی نے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر خطاب ختم کیا۔

بعد ازاں، بشریٰ بی بی کا ایک اور ویڈیو پیغام جاری ہوا، جو انہوں نے گاڑی میں ریکارڈ کروایا۔

اپنے ویڈیو بیان میں بشریٰ بی نے کہا کہ ’رسول اللہ کے امتیوں کو خان کا اور میرا سلام، خان کے حکم پر 24 نومبر سے نہتے عوام رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جو ابھی تک نہیں نکلے وہ اپنے اور اپنے ملک کے مستقبل کے لیے اسلام آباد پہنچیں کیوں کہ یہ آپ کے ملک کے مستقبل کا سوال ہے‘۔

پاکستان

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

24th November PTI March