Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب کے کئی شہروں میں ایئر کوالٹی کے جدید مانیٹرز کی تنصیب

لاہور سمیت فضائی آلودگی میں سرفہرست شہروں میں 30 ایئر کوالٹی مانیٹرز نصب کردیے گئے ہیں
شائع 25 نومبر 2024 12:10pm

پنجاب میں فضائی آلودگی کو جانچنے کے لیے کئی شہروں میں ایئر کوالٹی کے جدید مانیٹرز کی تنصیب کردی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے میں ڈیجیٹل انقلاب کے سلسلے میں ایک اور بڑے فیصلے کے تحت ایئر کوالٹی کے جدید مانیٹرنگ نظام کے قیام میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور لاہور سمیت فضائی آلودگی میں سرفہرست شہروں میں 30 ایئر کوالٹی مانیٹرز نصب کردیے گئے ہیں۔

ایئر کوالٹی کو جانچنے کے لیے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 25 مزید مانیٹر لگائے جائیں گے، تازہ پیش رفت کے بعد لاہور میں فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے نصب مانیٹرز کی تعداد 8 ہو گئی ہے جبکہ 5 موبائل ایئر کوالٹی مانیٹرز پہلے ہی لاہور میں کام کر رہے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کے مطابق ٹی ایچ کیو کاہنہ، تھانہ جیا بھگا، ٹیچنگ اسپتال شاہدرہ، پنجاب یونیورسٹی، وائلڈ لائف پارک رائیونڈ میں نئے مانیٹرز نصب کر دیے گئے ہیں اسی طرح برقی روڈ، پی کے ایل آئی، یو ای ٹی میں لگائے گئے مانیٹرز نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔

چین نے فضائی آلودگی کو پچھاڑ دیا، بھارت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے بتایا کہ فیصل آباد، شیخو پورہ میں ایک ایک، راولپنڈی میں تین، ملتان میں دو، گوجرانولہ میں دو، سیالکوٹ میں ایک اور بہاولپور میں دو مانیٹر لگائے جائیں گے۔ اسی طرح سرگودھا میں دو اور ڈی جی خان میں ایک مانیٹر بھی رواں ماہ کے آخر تک کام شروع کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مانیٹرز ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کے مرکزی کنٹرول روم سے جوڑے گئے ہیں۔ مریم نواز شریف پہلی وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں جنہوں نے انسانی زندگی کے تحفظ کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام لانے کا انقلاب برپا کیا ہے۔ اس نظام سے ائیر کوالٹی کی مسلسل نگرانی ہوگی، یہ مستقل حل کی طرف ایک قدم ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق یہ جدید ڈیجیٹل نظام فضائی معیار کے عالمی (اے کیو آئی) اطلاعاتی نظام سے بھی منسلک ہوگا۔ عوام اور تحقیق کرنے والوں کو بھی ڈیٹا مہیا ہوگا۔ اس طرح اطلاعات چھپانے کے بجائے عوام کو حقائق بتانے کی روایت عام ہوگی۔ جدید نظام قائم ہونے سے فضائی آلودگی کا بروقت پتا لگانے، روک تھام اور درست ڈیٹا کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

Maryam Nawaz

Marriyum Aurangzeb

lahore

Maryam Aurangzeb

smog

CM Punjab Maryam Nawaz

SMOG IN PUNJAB

Air quality monitors