احتجاج سے ملک کو روزانہ 190 ارب کا نقصان ہوتا ہے، وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے احتجاج کی کال سے ملکی معیشت کو روزانہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن اور احتجاج کی وجہ سے ٹیکس وصولیوں میں کمی ہوتی ہے، احتجاج کے باعث کاروبار میں رکاوٹ سے برآمدات متاثر ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کے احتجاج کے باعث امن برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی پر اضافی اخراجات آتے ہیں، آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں نقصانات اس کے علاوہ ہیں۔
مہنگائی توقع سے زیادہ کم ہوئی ہے، وزیر خزانہ
وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں رپورٹ تیار کی ہے اور محتاط اندازے کے مطابق جی ڈی پی کو روزانہ 144 ارب کا نقصان ہوتا ہے، ہڑتال کے باعث برآمدات میں کمی سے روزانہ 26 ارب کا نقصان ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہا کہ احتجاج کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری متاثر ہونے سے روزانہ 3 ارب روپے نقصان ہوتا ہے، احتجاج کے باعث صوبوں کو ہونے والے نقصانات الگ ہیں۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ صوبوں کو زرعی شعبے میں روزانہ نقصان 26 ارب روپے کا ہوتا ہے، صوبوں کو صنعتی شعبے میں ہونے والا نقصان 20ارب روپے سے زائد ہے۔
Comments are closed on this story.