گاڑیوں میں بیٹھیں، ٹائم ضائع ہو رہا ہے، بشریٰ بی بی کا کنٹینر سے اعلان
خیبرپختونخوا سے مرکزی قافلے کے پنجاب کی حدود میں پہنچنے پر بشریٰ بی بی نے کارکنوں سے خطاب کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ پشاور سے ڈی چوک اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے اور پنجاب کی حدود میں داخل ہوچکا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق غازی بروتھا نہر کے قریب پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی۔
اس دوران بشریٰ بی بی نے کارکنوں کو کہا کہ وہ اپنی گاڑیوں میں بیٹھیں اور وہاں پہنچیں، ہم لیٹ ہو رہے ہیں، اپنی اپنی سواریوں میں بیٹھیں تاکہ ہم تیز پہنچیں، عمران خان کو لیے بغیر واپس نہیں آئیں گے۔
علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں قافلہ آج دن 11 بجے کے قریب پشاور سے روانہ ہوا تھا اور تقریباً 5 گھنٹے میں صوابی پہنچا اور اب سے کچھ دیر پہلے یہ قافلہ پنجاب کی حدود میں داخل ہوا تاہم غازی بروتھا کے مقام پر راستے بند تھے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشینری کی مدد سے رکاوٹیں ہٹائیں گے، ڈی چوک پہنچنے کی جلدی نہیں، پوری رات سفر کریں، آج یا کل جب بھی ممکن ہوا ڈی چوک پہنچیں گے اور وہاں غیرمعینہ مدت کے لیے دھرنا دیں گے۔
Comments are closed on this story.