بارات کی شکل میں اسلام آباد جانے والے مبینہ پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری، دولہا خود کارڈ لیکر پولیس کے پاس پہنچ گیا
فیصل آباد سے بارات کی شکل میں اسلام آباد جانے والے پی ٹی آئی کے 27 کارکنوں کو سرگودھا روڈ پولیس نے گرفتار کر لیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر ملک بھر سے قافلے اسلام آباد احتجاج کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ ان قافلوں کو روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کو سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں آنکھ مچولی جاری ہے ، پولیس کو دھوکہ دینے اور گرفتاریوں سے بچنے کیلئے مختلف طریقے اختیار کئے جا رہے ہیں۔
ایک طرف اٹک میں قافلے گھنے درختوں میں چھپے ہوئے ہیں تو دوسری جانب کچھ بارات کی شکل میں اسلام آباد جاتے ہوئے پکڑے گئے۔
پولیس کے مطابق کارکنوں نے گاڑیوں کو پھولوں سے سجایا ہوا تھا، ایک شخص کو دلہا بنا کر اس کی گاڑی فرنٹ پر رکھی ہوئی تھی۔
پولیس نے مشکوک جانتے ہوئے گاڑیوں کو روک کر تفتیش کے بعد 27 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
تاہم تین گھنٹے بعد دولہا شادی کا کارڈ لے کر خود سرگودھا روڈ پہنچ گیا۔ پولیس نے سرگودھا روڈ پر باراتیوں کی گاڑیوں کو کھڑا کیا ہوا ہے۔
دلہے کا کہنا ہے کہ ہمارا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں، پولیس کو غلط فہمی ہوئی ہے، پولیس نے پی ٹی آئی قافلے کا حصہ سجھ کر بارات کی گاڑیاں روک لیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ڈرائیورز سے موبائل فون اور گاڑیوں کی چابیاں لے لیں، گاڑیاں سجا کر بارات کی روانگی کیلئے دولہے کے گھر جارہی تھیں، میری بارات ہاؤسنگ سوسائٹی سے امین پور بنگلہ جانی تھی۔
Comments are closed on this story.