پہلا ون ڈے: پاکستان کا زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلاوائیو میں کھیلے جارہے 3 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ کوشش کریں میزبان ٹیم کو کم ازکم اسکور پر آؤٹ کریں اور دورے کا فاتحانہ آغاز کریں۔
انہوں نے بتایا کہ آج کے میچ میں 3 کھلاڑی اپنا ڈیبیو کریں گے، عامر جمال، فیصل اکرم اور حسیب اللہ ون ڈے میں ڈیبیو کررہے ہیں، امید ہے نوجوان کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
یاد رہے کہ کپتان محمد رضوان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کو اہم قرار دیا تھا اور کہا تھا وہ اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمائیں گے۔
اس موقع پر زمبابوین ٹیم کے کپتان کریگ ایروائن نے کہا کہ ہوم گرؤنڈ پر پاکستان کے خلاف جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔
زمبابوے کا اسکواڈ
زمبابوے کی ٹیم میں کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور شان ولیمز شامل ہیں۔
پاکستان کا اسکوڈ
پاکستانی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، حسیب اللہ خان، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین، اور فیصل اکرم شامل ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جانی ہے، دوسرا ایک روزہ میچ 26 اور تیسرا 28 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ قومی ٹیم یکم، 3 اور 5 دسمبر کو تین 20 ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے گی، ان تمام میچز کا انعقاد بلاوایو میں ہوگا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 62 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، ان میں سے 54 میں پاکستان کامیاب رہا جب کہ زمبابوے کو صرف 5 میچز میں کامیابی مل سکی، ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ 2 بے نتیجہ ختم ہوئے۔