اسلام آباد، لاہور سیل کرنے کے حکومتی اقدام پر بیرسٹر سیف کا سخت ردعمل
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پشاور میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے اسلام آباد کو سیل کر دیا ہے اور احتجاج کی کامیابی پر مہرتصدیق ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا ملک بھر سے رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے اس بات پر زور دیا کہ مینڈیٹ چور حکومت عوام کی زندگی کو اجیرن نہ کرے اور عوام کے حقوق واپس کرے۔
انہوں نے فسطائی ہتھکنڈوں کے بجائے جمہوری طریقے اپنانے کی تاکید کی، ورنہ ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔ بیرسٹر سیف نے موٹروے اور پنجاب کی شاہراہوں کو بند کرنا احتجاج کی کامیابی کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہوٹل، تعلیمی ادارے، ہاسٹلز اور لاری اڈے بھی بند کرنا پڑے، جس سے ان کی جعلی سلطنت بچانے کی کوششیں عیاں ہوتی ہیں۔ بیرسٹر سیف نے سوال اٹھایا کہ وہ درباری وزراء کہاں ہیں جو کہتے تھے کہ 50 لوگ بھی نہیں نکلیں گے، اور 50 لوگوں کے خوف سے پورا پاکستان بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جعلی حکومت کچھ بھی کر لے، ان کا خاتمہ یقینی ہے۔