آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بُری خبر سامنے آگئی
اگلے سال فروری میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان بڑھنے لگا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے میں میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان مشکل ہے تاہم اسٹیک ہولڈرز نے لچک دکھائی تو پھر 1، 2 روز میں شیڈول منظر عام پر آسکتا ہے۔
دورہ پاکستان سے بھارتی انکار نے آئندہ برس شیڈول چیمپئینز ٹرافی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پی سی بی نے وجوہات جاننے کے لیے 10 روز قبل آئی سی سی کو خط لکھا تھا مگر اس پر چپ سادھ لی گئی ہے، اگر کوئی ایک ملک کھیلنے سے انکار کرے تو ایونٹ میں نویں نمبر کی ٹیم کو شامل کر لیا جاتا ہے لیکن کونسل سمجھتی ہے کہ بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ پھیکا پڑ جائے گا اور آمدنی بْری طرح متاثر ہوگی لہذا معاملات ابھی تک الجھے ہوئے ہیں۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ آئی سی سی پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور اب اس معاملے کو ووٹنگ کے لیے بورڈ ممبران کے پاس لے جانے کا امکان بڑھ چکا ہے، پاکستان نے آئی سی سی سے تحریری انکار کی کاپی مانگی تھی تاکہ وجوہات کا جائزہ لے سکے۔
پی سی بی کے سی او او سمیر احمد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ڈائریکٹر مقرر
پاکستان آنے سے انکار کی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ابھی تک کوئی تحریری وجہ ہی بیان نہیں کی، اس لیے پاکستان کا کیس مضبوط دکھائی دیتا ہے، ملک میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹرافی ٹور بھی جاری ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا کہ وہ کسی بھی صورت میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت سے نیوٹرل وینو پر میچز کے لیے تیار نہیں ہوگا۔
دوسری جانب بھارتی بورڈ نے بھی ہائبرڈ ماڈل کے لیے دیگر بورڈز کو ملانے کی کوششیں تیز کردی ہیں تاکہ ایونٹ میں شریک ہوسکے یا پھر میزبانی ہتھیا لے۔