عطا اللہ خیلوی کی پی ٹی آئی احتجاج میں لوگوں سے شرکت کی درخواست؟
ان دنوں پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کی خبریں زیر گردش ہیں، تو وہیں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ہو رہی ہے جو مایہ ناز پاکستانی گلوگار عطااللہ خان خیلوی کی ہے جس میں وہ لوگوں سے پارٹی کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں شرکت کی درخواست کر رہے ہیں۔
17 نومبر کو ڈجیٹل میڈیا پلیٹ فارم نیا پاکستان نے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی ایک ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ پاکستان کی خاطر اور عمران خان کی خاطر باہر نکلو۔
اس ویڈیو میں، عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کو یہ کہتا ہوئے سنا جاسکتا ہے پاکستان کی خاطر نکلو، اپنے لیڈر عمران خان کی خاطر نکلو، اگر ہم نے اس موقع کو ضائع کیا، ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے، اللہ آپ کی اور اس سزمین کی حفاظت کرے۔
مذکورہ ویڈیو کو ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد بار دیکھا گیا جبکہ اسے 13 ہزار مرتبہ شئیر کیا۔
اس ویڈیو کو اسی کیپشن کے ساتھ بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے یہاں یہاں اور یہاں شیئر کیا گیا جبکہ کچھ پی ٹی آئی اکاؤنٹس نے بھی کیپشن اور ویڈیو کو شیئر کیا۔
حقیقت
تاہم ویڈیو کا بغور جائرہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ ویڈیو مارچ 2022 کی ہے۔
گلوکار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کی وائرل ویڈیو کی تحقیقات کے لیے اور نتیجے تک پہنچنے کے لیے آئی ویریفائی پاکستان ویب سائٹ کی جانب سے اس کا ریوریس سرچ امیج کیا گیا۔
ویڈیو سے اسکرین شاٹس لینے کے بعد ان تصاویر پر ریورس سرچ امیج کی گئی جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ ویڈیو 2022 کی ہے۔
ریورس سرچ امیج سے معلوم ہوا کہ عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی جانب سے یہ ویڈیو 26 مارچ 2022 کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لگائی گئی تھی۔
اس سے قبل ایک رپورٹ کے مطابق، عطااللہ عیسیٰ خیلوی کا ایک جگہ کہنا تھا کہ ماضی میں انہوں نے پی ٹی آئی کی حمایت کی مگر 9 مئی کے بعد انہوں نے خود کو پارٹی سے علیحدہ کر لیا ہے اور انہوں نے اس واقعے کی مذمت بھی کی تھی۔
اس وجہ سے وہ لوگوں کو 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں ویڈیو پیغام میں شرکت کی درخواست نہیں کر سکتے کیونکہ اب وہ پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ہیں۔