گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر کی عمران خان سے ملاقات، ’مذاکرات خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے‘
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ساتھ اڈیالہ جیل میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی ملاقات ختم ہو گئی ہے۔
اڈیالہ جیل میں یہ اہم ملاقات دو گھنٹے جاری رہی، جس کے بعد علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر جیل سے میڈیا سے کوئی گفتگو کئے بنا ہی واپس روانہ ہو گئے۔
لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی رہائی سمیت تمام مطالبات منوا کر دم لیں گے، مذاکرات عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے۔
علی امین گنڈاوپور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نعرہ اب نہیں تو کب، ہم نہیں تو کون ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے، قوم نے اب فیصلہ کرنا ہے کہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کرنا ہے یا نہیں، عمران خان ہماری اور ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ عمران خان کا نظریہ ہمارا جنون ہے اور جنون کبھی مرتا نہیں بڑھتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ڈیڑھ گھنٹے طویل ملاقات کی تھی، جس میں 24 نومبر کے احتجاج سے متعلق گفتگو کی گئی تھی اور دونوں رہنماؤں کو اسٹبلشمنٹ سے مذاکرات کی اجازت دی گئی تھی۔
گزشتہ روز (19 نومبر) ہی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے جمعرات تک کا وقت دیا ہے۔
اس کے دوسرے ہی دن عمران کان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف ملا اور انہیں توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا گیا۔