Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودیہ میں قومی، مذہبی اور فرقہ وارانہ علامتوں کے تجارتی استعمال پر پابندی

ان قوانین کو نظر انداز کرنے والوں کو سعودی میونسپل قوانین کے مطابق جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا
شائع 19 نومبر 2024 10:05am

سعودی عرب نے مذہبی اور فرقہ وارانہ علامتوں کے علاوہ دیگر ممالک کی علامتوں اور لوگو کے تجارتی استعمال پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصابی کی طرف سے کیے گئے اس فیصلے کا مقصد ان مذہبی اور فرقہ وارانہ علامتوں کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔

اس نئے ضابطے کے تحت کاروباری اداروں کو مصنوعات، مارکیٹنگ کے مواد، یا کسی بھی تجارتی سرگرمیوں میں قومی، مذہبی، یا فرقہ وارانہ علامتوں کے استعمال سے منع کیا گیا ہے۔

ان قوانین کو نظر انداز کرنے والوں کو سعودی میونسپل قوانین کے مطابق جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، اس فیصلے کے سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے 90 دن بعد عمل درآمد شروع ہوگا۔ یہ رعایتی مدت کاروبار کو نئے ضوابط کی تعمیل کرنے کا وقت دیتی ہے۔

وزارت نے نوٹ کیا کہ یہ پابندی سعودی عرب کے قومی پرچم کے استعمال کے خلاف موجودہ قوانین پر استوار ہے، جس میں عقیدے کا اسلامی اعلان اور تلواروں کا نشان اور کھجور کا درخت تجارتی ماحول میں شامل ہے۔ مزید برآں، مصنوعات، تحائف یا تشہیری اشیاء پر سعودی رہنماؤں کی تصاویر اور ناموں کے استعمال پر بھی پابندی ہے۔

وزارت تجارت نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ ان علامتوں کو غلط استعمال سے بچانے اور ان کی ثقافتی اور مذہبی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

Saudia Arabia