24 نومبر احتجاج : عمران خان نے لوگوں سے چندہ مانگ لیا
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، پرامن سیاسی جدوجہد کا فیصلہ کن مرحلہ آگیا ہے ، ملک وقوم کے مستقبل کا انحصارہے، ہمیں قائد کی امیدوں پرپورااترنا ہے ۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نےاحتجاج کال بارے ٹوئیٹ کرتے ہوئےبلوچستان سمیت ملک بھر کی تنظیمات کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے پیغام میں کہا کہ کارکن مرکزسے نچلی سطح تک پرامن احتجاج کیلئے خود کووقف کردیں ، احتجاج کوکامیاب بنانے کیلئے ہرشخص کرداراداکرے ۔
فواد چوہدری سمیت بہت سے لوگ پی ٹی آئی لیڈرشپ کو بدنام کرنا چاہتے ہیں،شیخ وقاص اکرم
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب پرلازم ہے کہ حقیقی آزادی کے تقاضوں کا مکمل ادراک رکھیں، پوری سنجیدگی سے تحریک کیلئے تمام وسائل بروے کارلائیں ۔
سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ہماری صفوں میں اتحاد ویگانگت کیخلاف اقدام کا ذمہ دارتصورہوگا، مظاہرین کیلئے قیام وطعام کیلئے فول پروف منصوبہ بندی کرینگے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے رہنمائوں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 24نومبرکوکیساتھ قافلوں کیساتھ نکلیں ۔
دریں اثنا بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ غلامی کی زندگی سے موت بہتر ہے، پوری قوم کا فرض ہے کہ وہ ظلم کے خلاف 24نومبر بھرپور احتجاج کیلئے باہر نکلیں ۔
انہوں نے کہا کہ آفیشل ٹوئیٹر سےٹوئیٹ کرتے ہوئے کہ پہلے پی ٹی آئی کے رہنمائوں اورکارکنوں کو احتجاج کی کال دیتا رہا ہوں،اب پوری قوم کو نکلنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کوجمہوریت کے تابوت میں آخری کھیل ٹھونکی گئی ، قوم نے جس طرح ووٹ کی طاقت کا مظاہرہ کیا، اسی جذبے سے 24 نومبر کو بھی نکلیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت جمہوریت،قانون، شفاف انتخابات اور آزادی اظہار رائے تینوں معطل ہیں ، میڈیا پر سنسرشپ نافذ ہے، میرے بیانات پر مکمل پابندی عائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی کارکردگی صرف 27 فیصد تک محدودہے، عوام کی زبان بندی کے لیے انٹرنیٹ میں بار بار خلل اندازی کی جارہی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کوکچلنےکیلئے گھناونے اقدامات کئے جارہے ہیں ، ان حرکتوں سے ملک کا 550 ارب روپے کا نقصان ہو چکاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہر طرح کے مشکل وقت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے، پی ٹی آئی بیرونی مداخلت کے خلاف کھڑی ہوئی جو ڈونلڈ لو اور جنرل باجوہ کی ملی بھگت تھی ۔
بانی نے کہا کہ بوگس انتخابات کروا کے جعلی اسمبلیاں تخلیق کی گئیں، ان اسمبلیوں نے عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا، جمہوریت کا وجودآزادعدلیہ کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔
پی ٹی آئی سربراہ نے اپنے ٹوئیٹ میں مزید کہا کہ ملک کے لیے ہمیشہ مذاکرات کرنے کے لیے تیار رہا ہوں، مذاکرات کا نہ ہونا ہماری نہیں ان کی غلطی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن وقت ہے جب پوری قوم آزادی کے لیے نکلے گی ، احتجاج میں شرکت نہ کرنے والوں کو تحریک انصاف سے لاتعلقی اختیارکر لینی چاہیے ۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم موت کو غلامی پر ترجیح دینا ہو گی ، 24 نومبر کی کال صرف تحریک انصاف کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی تو آزادی اور جمہوریت کا مطلب بہتر سمجھ سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانی فنڈنگ میں بھرپورحصہ لیں اوراحتجاج بھی ریکارڈ کرائیں ۔
بانی پی ٹی آئی نے آفیشل ٹوئیٹر سےٹوئیٹ میں علامہ اقبال کا شعر بھی لکھا۔
اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی