24 نومبر احتجاج: عمران خان کا پیغام ہے صرف پارٹی نہیں تمام پاکستانی باہر نکلیں، علیمہ خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو صرف پارٹی کو نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کو باہر نکلنے کی دعوت دی ہے۔
پیر کو اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا آٹھ فروری کو آپ نے ووٹ ڈالا لیکن انہوں نے آپ کو باہر نکال دیا اور چوروں کو پارلیمنٹ میں بٹھا دیا گیا، آپ اب غلام بن چکے ہیں لہٰذا 24 نومبر کو اپنے اور اپنے بچوں کے لیے باہر نکلیں۔
عمران خان کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ جمہوریت کے تین ستون ہیں۔ ایک میڈیا، دوسرا جوڈیشری اور تیسرا عوام ہے، تینوں ستون کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور وی پی این پر پابندی لگا دی گئی ہے، قاضی فائز عیسیٰ کیا کارنامے انجام دے کر گیا ہے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے بھی خصوصی پیغام بیجھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں کو احساس ہونا چاہیے۔ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کے لیے نکلیں، ہم پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کے خلاف نکلنا ہے اور باہر نکل کر بتائیں یہ نظام قبول نہیں ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ پرویز الہٰی پردہ اسکرین سے غائب ہیں؟ علیمہ بی بی نے کہا کہ اس کا مجھے نہیں معلوم۔
اوور سیز پاکستانیوں سے بھی درخواست
اڈیالہ جیل کے باہر علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 24 نومبر تاریخ کے لیے پرعزم ہے، 24 نومبر میرے لیے اتنا ہی اہم ہے جتنا 24 نومبر 2011 کو میں تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا۔
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں اہم پیشرفت، تمام ملزمان کے بیرون ملک سفر پر پابندی
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس بار پر عزم ہے اور اس بار پنجاب بھی نکل رہا ہے، پورے پاکستان سے اس بار لوگ اپنے لیڈر کی کال پر نکل رہے ہیں۔ اوور سیز پاکستانیوں سے بھی درخواست کروں گا کہ آزادی کے لیے نکلیں۔
علی محمد خان نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت ایک سیاسی لاش ہے جس کو لے کر شہباز شریف چل رہے ہیں، میں ووٹ کو عزت دے کر چلنے والا بندہ ہوں، 17 سیٹیں ن لیگ اور 117 ہماری تھیں، پاکستان اور بانی پی ٹی آئی سے محبت میں ایک نسل جوان ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ساڑھے چار سو دنوں سے زیادہ ہوگئے جیل میں ڈالا ہوا ہے اس کا کیا قصور ہے؟ میں دوبارہ کہتا ہوں 24 نومبر سے پہلے ہوش کے ناخن لیں اور عمران خان کو باہر نکال کر بنی گالا جانے دیں، بانی پی ٹی آئی کو ہٹا کر سسٹم تباہ ہوگیا اور اب قانون تھانوں میں نہیں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ باہر آکر سیاسی انتقام نہیں لوں گا اور باہر نکل کر پاکستان کی بہتری کے لیے کام کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.