Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر7 فیصد پرآگئی، وزیراعظم

ٹیکس چوری کرنے والوں اورانکی معاونت کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچا کررہیں گے، شہباز شریف
شائع 18 نومبر 2024 04:01pm

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، اور اس کے مثبت اثرات نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان قائم ہے، جو بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم نے عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آ گئی ہے، جبکہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آ گئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کی زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے تعریف کی۔

وزیراعظم نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں، اور تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں معیشت کے اعشاریوں، مہنگائی کی موجودہ صورتحال، اور ٹیکس چوری کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔

پاکستان

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

PM SHAHBAZ SHARIF