یو اے ای میں اساتذہ کیلئے گولڈن ویزا کا پروگرام
متحدہ عرب امارات میں اساتذہ کے لیے گولڈن ویزا اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ فی الحال دو مرکزی کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں۔
یو اے ای کی ریاست راس الخیمہ کے پرائیویٹ اسکول ایجوکیٹرز کے لیے نیا گولڈن ویزا پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے پروفیشنلز کو سیلف اسپانسرڈ بنیاد پر طویل المیعاد قیام کی پیش کش کی جارہی ہے۔
اس پروگرام کا اعلان راس الخیمہ ڈپارٹمنٹ آف نالج نے کیا ہے جس کا مقصد تعلیمی میدان میں اساتذہ اور اسکول لیڈرز کے کردار کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت اسکول لیڈرز (پرنسپل اور وائس پرنسپل) اور اُن ٹیچرز کو ذہن نشین رکھا گیا ہے جو اس وقت راس الخیمہ کے پرائیویٹ اسکولوں میں کام کر رہے ہیں۔
راس الخیمہ میں تین سالہ رہائش اور ملازمت کے حامل افراد اس اسکیم کے تحت درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ متعلقہ ڈگری کے علاوہ اسکول کی پرفارمنس میں مثبت کردار ادا کرنے کی شرط بھی مطلوب قابلیت کا حصہ ہے۔
درخواست گزاروں کو باضابطہ اپائنمنٹ لیٹر، تعلیمی قابلیت کے صداقت نامے، رہائش کی دستاویزات اور اسکول کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق صداقت نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔
درخواتیں راس الخیمہ ڈپارٹمنٹ آف نالج کے تحت دی جاسکیں گی جو قابلیت جانچنے کی کوئی فیس وصول نہیں کرے گا۔ درخواست قبول کیے جانے کی صورت میں بیوی یا شوہر، بچے اور والدین بھی طویل المیعاد رہائش کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
Comments are closed on this story.