Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

ایران : حجاب قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو سدھارنے کیلئے ’کلینک‘ کھولنے کا اعلان

حجاب نہ کرنے پر خواتین کا نفسیاتی علاج کرانے کے اقدام پر انسانی حقوق کی تنظیموں کا شدید ردِعمل
شائع 15 نومبر 2024 12:28am

ایران نے حجاب سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب خواتین کے علاج کے لیے خصوصی کلینک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ حجاب کے حوالے سے بڑھتی ہوئی گرفتاریاں بھی تشویش ناک ہیں۔

حجاب ریموول ٹریٹمنٹ کلینک کے قیام کا اعلان محکمہ اوامر و نواہی کے ویمین اینڈ فیملی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ مہری طالبی دارستانی نے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کلینک میں حجاب کی پابندی نہ کرنے والی خواتین کی نفسیاتی تربیت کی جائے گی۔

برطانیہ میں مقیم ایرانی نژاد صحافی سیما ثابت نے، جن پر گزشتہ برس قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، کہا کہ یہ تصور ہی بہت خوفناک ہے کہ جو خواتین حجاب نہیں لینا چاہتیں ان کا نفسیاتی علاج کرایا جائے گا۔ یہ سب کچھ بہت شرم ناک ہے کہ جو لوگ کسی نظریے کو نہ مانیں اُنہیں معاشرے سے الگ تھلگ کردیا جائے۔

ایران میں حقوقِ انسانی کے وکیل حسین رئیسی نے کہا ہے کہ حجاب کی پابندی نہ کرنے والی خواتین کے لیے نفسیاتی علاج نہ تو اسلامی شریعت سے مطابقت رکھتا ہے نہ ایرانی قوانین ہی سے ہم آہنگ ہے۔ یہ حکم ایک ایسے محکمے کی طرف سے آیا ہے جو سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے ماتحت ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے حجاب کی پابندی نہ کرنے پر گرفتاریوں کو بھی انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ سینٹر فار ہیومن رائٹس اِن ایران نے بھی اس سلسلے میں چند خواتین کا حوالہ دیا ہے۔

Iran

Dress Code

DEFYING

CLINICAL TREATMENT

HUMAN RIGHTS ACTIVISTS