Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ضمنی انتخاب میں نون لیگ کامیاب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی طارق راجپوت نے 2011 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی۔
شائع 14 نومبر 2024 08:59pm

کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی وارڈ 6 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی۔

کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی وارڈ 6 کے ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر27 پولنگ اسٹیشن میں 6 ہزار 293 ووٹ پول ہوسکے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی طارق راجپوت نے 2011 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی۔

ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جبران حیدر نے 1329 ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار پیر زادہ ذیشان علی نے 1284 ووٹ لیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے عدیل اعظم بٹ نے 900، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ملک عبدالرؤف نے 705 ووٹ، آزاد امیدواروں اعجاز احمد نے 39، طیب افتخار نے 6 اور ذیشان نے 9 ووٹ حاصل کیے۔

ریٹرنگ آفیسر ایڈیشنل سی آئی او کنٹونمنٹ بورڈ حیدر شجاع نے نتائج مرتب کیے، جہاں پولنگ کی شرح کم رہی اور مجموعی طور پر36 ہزار 534 میں 6 ہزار 293 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ راولپندی کے وارڈ 6 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ممبر کنٹونمنٹ ملک منصور افسر کے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری، ملک ابرار احمد، رکن صوبائی اسمبلی ملک منصور افسر، پی ٹی آئی کے زیاد خلیق کیانی، بہروز بشارت راجا اور احمد ناصر راجا نے پولنگ اسٹیشننز کے دورے کیے۔

rawalpindi

PMLN

Cantonment Board by election