Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آصف زرداری پر قتل کی سازش کا کیس: شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

جو کچھ سابق چیف جسٹس اور وزراء کے ساتھ ہوا، بغیر سیکیورٹی کے گھوم کے دکھائیں، شیخ رشید
اپ ڈیٹ 14 نومبر 2024 02:52pm

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے صدر مملک آصف زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں صدر آصف زرداری سے متعلق الزامات پر شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے کی درخواست پر سماعت ہوئی، سول جج یاسر محمود نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر سماعت کی جبکہ سابق وفاقی وزیر اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت وکیل صفائی سردار رازق نے دلائل دیے کہ شیخ رشید احمد پر درج ایف آئی آر میں قوانین کو فالو نہیں کیا گیا۔

وکلا نے شیخ رشید احمد کو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے سے بری کرنے کی استدعا کی اور شہباز گل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید احمد پر تو پرائیویٹ شخص کے خلاف بات کا الزام ہے۔

آصف زرداری پر قتل کی سازش الزام، پیپلز پارٹی کا عدالت جانے کا اعلان

آصف زرداری پر قتل کا الزام: شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر دوبارہ دلائل طلب

بعدازاں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر وکلا کی شیخ رشید کی بری کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

جو کچھ سابق چیف جسٹس اور وزراء کے ساتھ ہوا، بغیر سیکیورٹی کے گھوم کے دکھائیں، شیخ رشید

اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے یہ نہیں پتہ ٹرمپ کے آنے سے سیاسی تبدیلی ہو سکتی ہے یا نہیں، ملک میں دکاندار، کسان اور عوام خوش نہیں، آئی ایم ایف ٹیم آئی ہوئی ہے، مذاکرات بھی خفیہ ہورہے ہیں، قومی خزانے کی حالت نہایت مخدوش ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف اکثر کہتے تھے پلے نئیں دھیلا کردی پھرے میلہ میلہ، یہ ان پر لاگو ہوتی ہے، جہاں جاتے ہیں لوگ ان کو نازیبا الفاظ سے یاد رکھتے ہیں، جو کچھ سابق چیف جسٹس اور وزرا کے ساتھ ہوا، اب یہ بغیر سیکیورٹی کے گھوم کے دکھائیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی زمین ان کے لیے تنگ ہوچکی ہے، یہ حکومت دھکے سے چلائی جارہی ہے کسی روز دھکا ناکام ہوگا۔

کیس کا پس منظر

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے آصف زرداری پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگایا تھا، جس پر 2 فروری کو انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔

شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔

Sheikh Rasheed

Asif Ali Zardari

اسلام آباد

district and session court

President Asif Ali Zardari