Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اپنی صحت سے متعلق افواہوں پر وضاحت

میں بیماری کی بات کر کے ہمدردی سمیٹنا نہیں چاہتی مجھے بیماری کی بات مجبورا کرنا پڑی، مریم نواز
شائع 14 نومبر 2024 07:58am

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی صحت سے متعلق افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری بیماری کے حوالے سے افواہیں پھیلائی گئیں کہ مجھے کینسر ہے، ایسا کچھ نہیں ہے، مجھے پیرا تھائی رائیڈکا مسئلہ ہے اور اس بیماری کا علاج صرف دو ممالک میں ہی ہوتا ہے، میں بیماری کی بات کر کے ہمدردی سمیٹنا نہیں چاہتی مجھے بیماری کی بات مجبورا کرنا پڑی، ملک سے فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہورہا ہے، عوام نے پی ٹی آئی کی احتجاج کی کالز پر کان نہیں دھرے۔

لندن میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے اپنی صحت سے متعلق کہا کہ میری بیماری پر سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، مجھے کینسر ہونے کی افواہیں جھوٹی ہیں، مجھے پیرا تھائیرائیڈ کا مسئلہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ویلاگز بنائے جا رہے ہیں اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کے لیے پوچھا جا رہا ہے کہ میں نے اپنا علاج پاکستان سے کیوں نہیں کروایا تو انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ میرا سارا علاج پاکستان میں ہی ہوتا ہے لیکن پیراتھائیرائیڈ ایسی بیماری ہے جس کا علاج پوری دنیا میں صرف دو ممالک میں ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پیرا تھائیرائیڈ کا علاج انگلینڈ میں بھی نہیں ہوتا اور صرف سوئٹزرلینڈ اور امریکا ایسے ممالک ہیں جہاں اس بیماری کا علاج ممکن ہے، گزشتہ برس جنوری میں سوئٹزر لینڈ میں ان کی سرجری ہوئی تھی، اب بھی وہ علاج کروانے کے بعد چند روز میں پاکستان پہنچ رہی ہیں۔

مریم نوازکی طبیعت میں بہتری، اسپتال سےڈسچارج

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ اپنی بیماری سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتی تھیں، ان کی ایسی تربیت ہی نہیں کہ وہ وکٹم بن کر لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کریں لیکن جھوٹی افواہوں کی وجہ سے انہیں اس پر بات کرنا پڑی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم نے سروے کرالیے ہیں، فتنہ اور انتشار تحریک بالکل نیچے جا رہی ہے اور ن لیگ اوپر جا رہی ہے۔

لندن میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اسموگ 8-7 سال سے ہے، اس کے خاتمے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھٹے کے کالے دھوئیں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو پکڑ رہے ہیں، مُنجی جلانے والے کسانوں کو روکنے کیلئے بھی ترغیبات دے رہے ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں لوگوں کو گھر گھر دل، کینسر اور ہیپاٹائٹس کی دوائیں مفت دے رہے ہیں، غریبوں کو گھر بنانے کے لیے صفر فی صد شرح سود پر 15 لاکھ روپے قرضہ دے رہے ہیں، پنجاب میں نواز شریف آئی ٹی سٹی اور آرٹیفشل انٹیلی جینس سٹی بھی بنا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہو رہا ہے،عوام نے ان کی احتجاج کی کال پر کان نہیں دھرے، ملک میں جب بھی ترقی کا دور آیا تو نواز شریف کی حکومت تھی، پی ٹی آئی کی حکومت گئی تو وہ اس انتظار میں تھے پاکستان ڈیفالٹ کرے۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ کے قریب تھا، اب کوئی ڈیفالٹ کی بات نہیں کرتا، ملک ترقی کر رہا ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، ہم نوازشریف کی سربراہی میں کام کر رہے ہیں، لاہور میں ایک ہزار بیڈ کا ہسپتال بن رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ لندن کی تفصیلات سامنے آگئیں

انہوں نے کہا کہ اپنا گھر سکیم پورے پنجاب میں شروع ہو چکی ہے، پہلا نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں، لوگوں کی خدمت میرا فرض ہے، پنجاب میں آج روٹی اور آٹا سستا ہے۔

london

cm punjab

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz