Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان میں روزانہ غیر اخلاقی ویب سائٹس تک رسائی کی 2 کروڑ کوششوں کا انکشاف

پی ٹی اے نے 9 لاکھ سے زائد گستاخانہ لنکس اور فحش ویب سائٹس کو بلاک کردیا
شائع 13 نومبر 2024 03:37pm

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گستاخانہ اور فحش مواد پھیلانے والی ویب سائٹس کو بلاک کر دیا۔

پی ٹی اے گستاخانہ اورغیراخلاقی مواد کی بلاکنگ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، اب تک پی ٹی اے نے 100,183 گستاخانہ یو آرایل اور 844,008 فحش ویب سائٹس کو بلاک کیا۔

پی ٹی اے سوشل میڈیا پرگستاخانہ اورغیراخلاقی مواد پھیلانے والی ویب سائٹس کے خلاف سخت اقدامات کے تحت کارروائی عمل میں لارہی ہے۔

پی ٹی اے اُن ویب سائٹوں کو بھی بلاک کر رہی ہے جن کی اطلاع شہریوں اورحکومتی تنظیموں کی جانب سے دی جاتی ہے۔

یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ ملک بھرسے روزانہ تقریباً 20 ملین فحش ویب سائٹس تک رسائی کی کوشش کی جاتی ہے جو بین الاقوامی گیٹ وے پر بلاک ہیں۔

صارفین بین الاقوامی گیٹ وے پربلاک شدہ ان ویب سائٹس تک رسائی کے لیے VPNsکا استعمال کرتے ہیں۔ پی ٹی اے اس مواد کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کارلا رہی ہے۔ پی ٹی اے اس مسئلے کو روکنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ گزشہ روز وزارت مذہبی امور کی جانب سے پی ٹی اے کو ایک خط لکھا گیا کہ جس میں سوشل میڈیا پر پورنوگرافی اور گستاخانہ مواد ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔

خط میں وزارت کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ توہین آمیز مواد کو فوری طور پر انٹرنیٹ سے ہٹایا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ اس طرح کے اخلاق باختہ مواد کے سوشل میڈیا پر موجودگی کے معاشرے پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس طرح کے مواد کا اثر عام انسانوں خصوصاً نئی نسل پر بہت برا پڑ رہا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے خط میں مزید کہا گیا کہ اکستانی معاشرے کی کچھ اپنی سماجی و مذہبی روایات اور اصول ہیں، اس طرح کا مواد پاکستان کی مجموعی مشرقی، مذہبی و سماجی روایات کے یکسر منافی ہے۔

اسلام آباد

PTA

PORN WEBSITES

Offensive content