آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر، موٹرویز بند، مری میں اسکول کھل گئے، لاک ڈاؤن میں نرمی
پنجاب میں شدید دُھند اور اسموگ کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی اس فہرست میں پہلے نمبر ہے، پنجاب میں اسموگ اور دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو کئی مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، اس کے علاوہ مری میں ایئرکوالٹی انڈیکس کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے مری میں سرکاری اور نجی اسکولز اور کالجز کھول دیے جبکہ آؤٹ ڈور کھیلوں کے ایونٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور سمیت 4 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی۔
صوبائی دارالحکومت میں اسموگ کا راج برقرار ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا آج دوسرا نمبر ہے، صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈکس 518 تک پہنچ گیا جبکہ اس فہرست میں بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے نمبر پر آگیا، دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1091 ریکارڈ کیا گیا۔
ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 896 تک پہنچ گیا جبکہ لاہور کے علاقوں ازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 647، جوہر ٹاؤن کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 425 ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان کے دیگر آلودہ ترین شہروں میں ملتان کا دوسرا، اسلام آباد کا تیسرا، راولپنڈی کا چوتھا اور پشاور کا پانچوں کا نمبر شمار کیا گیا ہے۔
اس وقت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں کی فضاؤں میں شدید دُھند اور اسموگ کا راج ہے اور بعض مقامات پر حد نگاہ صفر ہو گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی اسموگ اور دھند چھائی ہوئی ہے۔
اسموگ کے باعث پنجاب بھر میں تمام سرکاری و نجی اسکول بند کرنے کے احکامات جاری
صوبائی دارالحکومت پشاور میں اسموگ میں کمی آئی ہے، پشاورمیں ایئر کوالٹی انڈیکس 187 پر آ گیا جبکہ ہری پور میں 200 اور ایبٹ آباد میں 163 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج شام کو بارش اور بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سموگ چھائے رہنے اور رات کے اوقات میں شدید دُھند کا امکان ہے۔
موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا
دوسری جانب پنجاب میں اسموگ اور دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
دھند اور اسموگ کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بیان میں کہا کہ موٹرویز کوعوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں، گاڑیوں میں سفر کرنے والے حضرات آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، سموگ سے متعلق معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
پنجاب حکومت نے مری میں سرکاری اور نجی اسکولز اور کالجز کھول دیے
ادھر مری میں ایئرکوالٹی انڈیکس کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے مری میں سرکاری اور نجی اسکولز اور کالجز کھول دیے۔
ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ضلع مری میں قائم اسکولز اور کالجز کو بندش سے استثنیٰ دے دیا، مری میں ائیر کوالٹی انڈکس کم ہے۔
لاہور کی خطرناک اسموگ خلا سے بھی نظر آنے لگی، لوگ ورطہ حیرت میں مبتلا
اس حوالے سے کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر مری کو آگاہ کردیا گیا۔
لاہور سمیت 4 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں نرمی
دوسری جانب آؤٹ ڈور کھیلوں کے ایونٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور سمیت 4 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی، محکمہ تحفظ ماحولیات نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع لاہور، ملتان ، فیصل آباد اور گجرانوالہ میں پہلے سے پلان ہونیوالی کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی، کھیلوں کی سرگرمیوں میں 18 سال سے کم عمر بچوں کو کھیلنے کی اجازت نہ ہوگی۔
فلائٹس آپریشن اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر
لاہور اور اس کے گرد و نواح میں ان دنوں شدید دھند اور اسموگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، حد نگاہ کم ہونے کے باعث فلائٹس آپریشن اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
شہر لاہور اور ملتان میں شدید دھند اور سموگ کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے فلائٹس آپریشن متاثر ہوا، لاہور سے ریاض جانے والی پرواز ایکس وائے 318 پانچ گھنٹے جبکہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی ایف 716 تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔
لاہور سے کراچی جانے والے پرواز پی اے 401 چار گھنٹے، ملتان ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی 6 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، دوحہ سے ملتان آنے والی پرواز کیو آر 616 تیرہ گھنٹے سے زائد، مسقط سے ملتان آنے والی پروزی او وی 537 آٹھ گھنٹے، جدہ سے ملتان آنے والی پرواز پی اے 871 تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔
اس کے علاوہ ملتان سے دوحہ جانے والی پرواز کیو آر 617 بارہ گھنٹے سے زائد، ملتان سے مسقط جانے والی پرواز او وی 538 چھ گھنٹے اور شارجہ جانے والی پرواز پی اے 812 چودہ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔
دھند اور اسموگ کے باعث ٹرینوں کا شیڈول متاثر
دوسری جانب شدید دھند اور اسموگ کے باعث ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہورہا ہے، لاہور، فیصل آباد سے کراچی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی ایکسپریس شام 6 بجے کی بجائے 7 بج کر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی، پاکستان ایکسپریس کراچی کے لیے دوپہر ڈیڑھ کے بجائے سوا 3 فیصل آباد سے روانہ ہوگی جبکہ ملت ایکسپریس کراچی کے لیے شام 5:50 کی بجائے 7 بج کر 35 منٹ پر فیصل آباد سے روانہ ہوگی۔
جعفر ایکسپریس ناگزیر وجوہات کی بنا پر آج کوئٹہ اور پشاور سے روانہ نہیں ہوگی، مسافر حضرات اپنا ریفنڈ بزریعہ آن لائن یا قریبی ریزرویشن آفس سے لے سکتے ہیں۔
پنجاب بھر میں اسموگ نے مریضوں میں خطرناک حدتک اضافہ
پنجاب بھر میں اسموگ نے مریضوں میں خطرناک حدتک اضافہ کردیا، محکہ صحت کے مطابق آلودگی اور گردو غبار نے 5 امراض کے مریض بڑھائے۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور کے مختلف اسپتالوں میں 93516 مریض رپورٹ ہوئے، نزلہ، کھانسی اور زکام کے 85794 مریض رپورٹ ہوئے۔
سانس کی تکلیف کے 6042، امراض قلب میں مبتلا 547 مریض رپورٹ ہوئے، فالج کے 385 مریضوں کو طبی امداد دی گئی جبکہ آنکھوں کی بیماری میں مبتلا 748 افراد رپورٹ ہوئے۔
اسموگ: نجی دفاتر کے 50 فیصد عملے کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت
اسی طرح لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران 7329 مریضوں کو طبی امداد دی گئی، 7 روز کے دوران 516439 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کیں جبکہ 30 روز میں صوبے بھر سے 2007711 مریض رپورٹ ہوئے۔
پنجاب میں دھواں دینے والی گاڑیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی ہدایت
ادھر پنجاب میں دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی ہدایت کردی گئی، بس اور ٹرک اڈوں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
لاہور میں 38 خصوصی اینٹی سموگ اسکواڈز کی مدد سے گاڑیوں کی چیکنگ بھی جاری ہے، دھواں دینے والی گاڑیاں اب سڑک پر نہیں چلیں گی۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات سے آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں نمایاں کمی آگئی ہے، ہمیں سورج کی روشنی میں کاروبار کرنے کی عادت بنانا ہوگی۔
اسموگ نے پنجاب میں تعلیمی نظام کو بھی متاثرکردیا ہے، اسموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ نجی اداروں کو آدھا اسٹاف آن لائن شفٹ میں ٹرانسفر کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ڈولفن فورس نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔